ائیربلیو کی ابوظہبی جانے والی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی
(میڈیا پاکستان)لاہور ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق ائیربلیو کی لاہور سے ابوظہبی جانے والی پرواز 430 کی روانگی کے فوری بعد جہاز سے پرندہ ٹکرا گیا جس کا علم ہوتے ہی پائلٹ نے جہاز کو ہنگامی طور پر واپس لاہور لینڈ کرایا اور ماہرین کو طلب کر کے ائیر بلیو کے ائیر بس اے تھری ٹوئنٹی ون طیارے کا تفصیلی معائنہ کرایا۔
ماہرین کے مطابق جہاز سے پرندہ ٹکرانے کی نوعیت معمولی ہونے پر جہاز کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا لہذا جہاز اڑان کے قابل قرار دے دیا گیا۔ طیارے کے پائلٹ نے جہاز کو کلئیرنس ملتے ہی ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے پرواز کو ایک مرتبہ پھر لاہور سے ابوظہبی کے لیے ٹیک آف کیا۔ واقعے کے بعد ائیرپورٹ انتظامیہ نے رن وے اور اطراف سے پرندے ہٹانے کا کام مزید تیز کر دیا۔
پائلٹ کی جانب سے ابتدائی بیان میں بتایا گیا ہےکہ ائیربس اے تھری ٹوئنٹی ون طیارے سے پرندہ ٹکرانے کا واقعہ لاہور ائیرپورٹ کی حدود میں پیش آیا ہے تاہم انتظامیہ نے اس کی تصدیق نہیں کی البتہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کر حقائق معلوم کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
Leave a Reply