انجلینا جولی کا طلاق نہ لینے کا فیصلہ
لاس اینجلس: امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انجلینا جولی نے بچوں کے ساتھ 9 ماہ کرائے کے مکان میں گزارنے کے بعد اب طلاق لینے کا منصوبہ ترک کر دیا ہے اور اس کی وجہ بریڈ پٹ کی وہ عادات چھوڑنا بتایا جا رہا ہے جن کی وجہ سے اس جوڑی میں اختلافات کی نوبت طلاق تک پہنچ گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق عدالت میں درخواست دائر کرنے کے بعد دونوں کی جانب سے کسی قسم کا اقدام نہیں اٹھایا گیا اور انجلینا جولی بچوں سمیت کرائے کے مکان سے اپنے نئے مکان میں شفٹ ہونے کی تیاریاں کر رہی ہیں جب کہ اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے بہت بڑا اقدام ہے اور ہم اپنے خاندان کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب بریڈ پٹ نے ایک انٹریو میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے انجلینا کو واپس پانے کے لیے سگریٹ اور شراب نوشی چھوڑ دی ہے۔
یاد رہے گزشتہ برس ستمبر میں انجلینا جولی نے بریڈ پٹ سے اختلافات کے باعث طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ بریڈ پٹ کثرت شراب نوشی کے باعث ذہنی تناؤ کا شکار ہیں اور لڑتے جھگڑتے رہتے ہیں جس کا بچوں پر بُرا اثر پڑتا ہے۔
Leave a Reply