انڈر19 ایشیا کپ: پی سی بی کا ہندوستان میں انعقاد پراعتراض
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں ملکوں کےدرمیان سیاسی کشیدگی کے باعث ہندوستان میں ہونے والے انڈر19 ایشیا کپ کو دوسرے ملک منتقل کرنے پر زور دیتے ہوئے اس پر اعتراض کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ہندوستان کو انڈر 19 ایشیا کپ کی میزبانی کے تمام حقوق تفویض کردیے گئے ہیں لیکن پی سی بی رواں ماہ 11 اگست اور 12 اگست کو ایشین کرکٹ کونسل (اےسی سی) کے دوروزہ اجلاس میں اس حوالے سے قرار داد لانے کو تیار ہے۔
پی سی بی کی ایگزیکیٹیو کمیٹی کے سربراہ اور بورڈ کے متوقع نئے چیئرمین نے کرک انفو کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ‘اس وقت پاکستان اے سی سی کا سربراہ ہے اور ہم 12 اگست کو کولمبو میں اس معاملے پر بات کریں گے’۔
واضح رہے کہ پی سی بی سابق چیئرمین شہریارخان اس وقت اےسی سی کے صدر ہیں۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ میں حصہ لینا چاہتا ہے لیکن ٹیم کو کسی غیرمتوقع صورت حال سے دوچار کرنا نہیں چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہندوستان اور پاکستان کے باہر بھی کئی محفوظ اورغیرجانبدار مقامات ہیں جہاں چیمپیئن شپ کھیلی جاسکتی ہے’۔
پی سی بی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ‘ہم اے سی سی کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے ٹورنامنٹ کھیلنا چاہتے ہیں لیکن موجودہ صورت حال میں ہندوستان میں کھیلنا ممکن نہیں ہے’۔
انھوں نے کہا کہ ‘ویزا اور دیگر مسائل بدستور موجود ہیں اور ہم ٹورنامنٹ کے حوالے سے کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتے’۔
انڈر-19 ایشیا کپ کا انعقاد رواں سال نومبر میں بنگلور میں ہوگا۔
دوسری جانب پی سی بی نے بی سی سی آئی کو 2014 میں ہونے والے معاہدوں کی پاسداری کے لیے بھی ایک نوٹس بھیج دیا ہے جس میں 2015 سے 2023 کےدوران دوطرفہ سیریز کی میزبانی پر معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی ٹیموں کے درمیان 13-2012 میں کھیلی گئی تین میچوں کی ایک روزہ سیریز کے بعد اب تک کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی تاہم اس دوران دونوں ٹیمیں 8 مرتبہ مدمقابل ہوچکی ہیں۔
Leave a Reply