ایف سی کی گاڑی کے قریب بم دھماکہ، 6 اہلکار شہید
بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں ایف سی کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنڑول بم دھماکہ میں 6 اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے ،زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ہرنائی ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔لیویز ذرائع کے مطابق ایف سی کی ایک گاڑی شاہرگ سے کھوسٹ جارہی تھی ،جب یہ گاڑی کھوسٹ کے قریب کچھاڑی کے مقام پر پہنچی تو سڑک کنارے نصب بارودی مواد زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایف سی کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔دھماکے میں 6 اہلکار یوسف عمران ،شہاب الدین ،فیاض ،عمر ، نعیم ،فضل الرحمن موقع پر جان بحق ہوگئے جبکہ ہدایت اللہ ،سعداللہ زخمی ہوئے ہیں۔جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی میتیں اور زخمی اہلکاروں کو سول ہسپتال ہرنائی پہنچایا گیا ، واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ۔وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے ہرنائی میں ایف سی کی گاڑی کے قریب بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے سیکورٹی اہلکاروں کے شہید ہونے پر دلی رنج وغم کا اظہارکیا ہے ۔وزیر اعلی نے ڈی سی ہرنائی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
Leave a Reply