این اے 120حلقے کے عوام کی محبت اور لگاﺅ پر ہمارے پورے خاندان کو بے پناہ اعتماد رہا ہے:بیگم کلثوم نواز
اسلام آباد (میڈیا پاکستان) سابق خاتون اوّل بیگم کلثوم نواز نے کہا ہے کہ وہ لاہور کے حلقہ این اے۔120 سے قومی اسمبلی میں ضمنی انتخاب لڑنے کے لئے تیار ہیں اور اس مقصد کے لئے اپنی توانائیاں یکجا کر چکی ہیں بشرطیکہ انہیں اس حلقے سے امیدوار نامزد کیا گیا۔ اس کا اختیار صرف نوازشریف صاحب کو حاصل ہے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس حلقے کے رائے دہندگان سے میرا عرصہ دراز سے رابطہ ہے۔ یہ حلقہ میرا میکہ ہے کوئی خاتون میکے سے اپنے تعلق پر ہمیشہ خوش ہوتی ہے۔ بیگم کلثوم نواز نے کہا کہ اس حلقے کے عوام کی محبت اور لگاﺅ پر ہمارے پورے خانوادے کو بے پناہ اعتماد رہا ہے ان سے دریافت کیا گیا کہ وہ مقابلے کے لئے تیار رہیں تو انہوں نے بڑے عجز سے جواب دیا کہ مجھے اپنے رب تعالیٰ کی رحمت پر پورا بھروسہ ہے۔
ان سے دریافت کیا گیا کہ حلقہ این اے120 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کا کب تک فیصلہ ہو جائے گا تو محترمہ کلثوم نواز نے قدرے فاصلے پر لیگی کارکنوں اور رہنماﺅں میں گھرے اپنے شریک حیات نوازشریف کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ اس سوال کا جواب آپ ان سے لیں۔ اخبار کے مطابق منگل کی شام لاہور میں محترمہ کلثوم نواز اور محترمہ مریم نوازشریف دونوں کے لئے کاغذات نامزدگی تیار کرلئے گئے ہیں۔ پارٹی کی قیادت ان دونوں میں سے جسے بھی امیدوار نامزد کرے گی اس کے کاغذات دائر کر دیئے جائیں گے۔
Leave a Reply