تحریک انصاف کی نواز شریف کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر
تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں یاسمین راشد تحریک انصاف کی جانب سے امیدوار ہیں جنہوں نے نواز شریف کے خلاف پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے سیکشن 5 کے تحت درخواست دائر کی۔
یاسمین راشد کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف کوئی سیاسی عہدہ نہیں رکھ سکتے اور ان کی نااہلی کے بعد نواز شریف کے نام پر موجود جماعت کالعدم قرار دی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے’مسلم لیگ نواز‘ کا نام استعمال کرنا آئین و قانون سے متصادم قرار دیا جائے اور نواز شریف کی وزارت عظمیٰ اور وفاقی کابینہ کے لئے کی جانے والی نامزدگیاں غیرقانونی قرار دی جائیں۔
تحریک انصاف کی رہنما کی جانب سے الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی ہے کہ نواز شریف کی سیاسی اور حکومتی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کی جائے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے میاں نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا تھا۔
Leave a Reply