توہین عدالت: عمران خان کے اعتراضات مسترد، شوکاز نوٹس جاری
اسلام آباد: (میڈیا پاکستان )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین عدالت سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی تھی، انھوں نے نومبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر بھی ایک درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھی ہے۔
تاہم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی فرد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کا اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کو ہے۔
الیکشن کمیشن نے گذشتہ ماہ 25 جولائی کو عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 10 اگست تک ملتوی کی تھی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار (ر) رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے آج (10 اگست کو) عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے عمران خان کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا اور قرار دیا کہ الیکشن کمیشن توہین عدالت کی کاروائی کا اختیار رکھتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 23 اگست کو جواب طلب کرلیا، بعدازاں کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی
Leave a Reply