کراچی کی دہشتگردی میں بھارت اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیاں ملوث، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی کا کہنا ہےکہ کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور افغان خفیہ ایجنسی ’’این ڈی ایس‘‘ ملوث ہیں۔
گزشتہ رات کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 4 کو گرفتار کیا گیا۔
کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی ) کے ڈی آئی جی عامر فاروقی اور ایس ایس پی عمر شاہد نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
گزشتہ رات کی کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی آئی جی عامر فاروقی نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے 3 مختلف مقامات پر چھاپے مارے جس دوران 2 سلیپرز سیل کا سراغ لگایا گیا۔
عامر فاروقی کے مطابق گزشتہ رات کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو گرفتار کیا گیا تاہم ہلاک دہشت گردوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان سے کلاشنکوف، پستول اور دیسی ساختہ بم برآمد ہوئے ہیں جب کہ دہشت گرد جماعت خانے، امام بارگاہوں اور مزارات پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔
عامر فاروقی نے بتایا کہ کراچی کو بڑی تباہی سے بچالیا گیا ہے، شہر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور افغان خفیہ ایجنسی ’’این ڈی ایس‘‘ ملوث ہیں۔
Leave a Reply