جینیفر لوپیز ادھیڑ عمری میں جوان اور حسین کیسے؟
امریکی گلوکارہ، موسیقار، ڈانسر، فیشن ڈزائنر اور لکھاری جینیفر لوپیز جنہیں پیار سے ’جے لو‘ بھی کہا جاتا ہے، وہ ادھیڑ عمر میں بھی کم عمر اور خوبرو لڑکیوں کی طرح نظر آتی ہیں۔
زندگی کی 48 بہاریں دیکھنے والی جینیفر لوپیز اپنے گانوں اور ڈانس پرفارمنس سے تو اپنے کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کرتی ہی ہیں، مگر ہولی وڈ سمیت دنیائے گائکی اور فیشن کی کئی خواتین ان کی پرکشش اور سدا بہار شخصیت سے جیلس ضرور ہوتی ہیں۔
امریکی فیشن اور انٹرٹینمینٹ میگزین ’پیپلز‘ نے جے لو سے ان کی خوبصورتی، پرکشش چہرے اور جوان رہنے کا راز پوچھا، جس پر اداکارہ و ڈانسر نے بے دھڑک ہوکر وہ راز بتادیے، جنہیں اپنانے کے بعد کوئی بھی ادھیڑ عمر کی خاتون ان کی طرح پرکشش دکھائی دے سکتی ہیں۔
جینیفر لوپیز کو دیکھنے والے زیادہ تر یہی سمجھتے ہیں کہ وہ 25 یا 27 برس کی ہیں، مگر وہ عام لوگوں کی سوچ سے کم سے کم 20 برس بڑی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ تلے ہوئے کھانوں، شراب اورالکوحل، منشیات، نشہ اور تمباکو نوشی سے مکمل گریز کرتی ہیں، جب کہ ایکسرسائیز کرنا ان کا معمول ہے۔
گلوکارہ و ڈانسر نے بتایا کہ وہ جسم کو توانا رکھنے کے لیے دن بھر پانی کا بہت زیادہ استعمال کرتی ہیں، جب کہ ناشتے میں وہ بیریز کے شیک، جوس، تازہ پھلوں کو شہد اور تھوڑے سے مکھن کے ساتھ کھانے سمیت تازہ لیموں کا جوس پیتی ہیں۔
جینیفر لوپیز دوپہر کے کھانے میں بھی لیموں کا تازہ جوس لیتی ہیں، جب کہ اس کے ساتھ ہی وہ ہلکھی پھلکی ہری سبزیوں اور زیتون کے تیل سے تیار سی فوڈ پر گزارا کرتی ہیں۔
اگر ناشتے اور دوپہر کے کھانے کے درمیان یا پھر رات کے کھانے سے قبل انہیں بھوک کا احساس ہو تو وہ تلے ہوئے پاپڑ یا سلانٹی کے بجائے ایک عدد سیب کو ترجیح دیتی ہیں، یا پھر کوئی اور فروٹ کھالیتی ہیں۔
البتہ وہ رات کے کھانے میں مرغن کھانے کو بھی شامل کرتی ہیں، لیکن ساتھ ہی وہ دہی، رائتہ اور سلاد بھی رکھتی ہیں، جب کہ سی فوڈ بھی ان کے کھانے میں شامل رہتا ہے۔
میٹھے کھانے کا موڈ ہو تو جے لو چاکلیٹ چپ پر گزارا کرتی ہیں، یوں وہ دن بھر میں 1392 گرام کیلو ریز حاصل کرتی ہیں، جس وجہ سے وہ 48 برس کی عمر میں بھی 25 یا 27 برس کی دکھتی ہیں۔
خیال رہے کہ جینیفر لوپیز فلموں میں گانے سمیت اسٹیج پرفارمنس میں بھی منفرد نام رکھتی ہیں، جب کہ وہ اس وقت امریکی ٹی وی این بی سی میں ایک ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھانے سمیت ایک ڈانسنگ پروگرام میں بطور جج بھی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے لڑکیوں میں فٹنیس برقرار رکھنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ’بی دی گرل چیلنج‘ نامی ایک پروگرام بھی شروع کیا۔
Leave a Reply