حسین نواز کی تصویر لیک کرنے کے ذمہ دار شخص کا نام پبلک کرنے کیلئے اٹارنی جنرل کو بھجوا دیا گیا
اسلام آباد(میڈیا پاکستان ) پانامہ پیپرز لیکس کیس کی تحقیقات پرمامور جے آئی ٹی نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی تصویر لیک کرنے کے ذمہ دار شخص کانام پبلک کرنے کے لیے اٹارنی جنرل کو بھجوا دیا ہے،اٹارنی جنرل آفس کے ذرائع نے نام موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ شخص کانام جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کی جانب سے سیل بند لفافے میں بھجوایاگیاہے جسے حکومت کی اجازت سے پبلک کیا جائے گا،واضح رہے کہ جے آئی ٹی کی حسین نواز سے تحقیقات کے دوران ان کی تصویر لیک ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے اس معاملہ کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کے ایک جج پر مشتمل کمیشن قائم کرنے کی استدعا کی تھی،جس پر عدالت کے حکم کی روشنی میں جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نے رپورٹ پیش کی تھی کہ اس معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ دار شخص کا تعین کر کے اسے اس کے متعلقہ محکمے میں واپس بھجوادیا گیا ہے جہاں اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کردی گئی ہے ،جس پر عدالت نے حسین نواز کی جانب سے کمیشن قائم کرنے کی استدعا پر غور کرنے کی بجائے معاملہ وفاقی حکومت کو بھجواتے ہوئے قرار دیا تھا کہ اگروہ چاہے تو اس کی تحقیقات کرواسکتی ہے، عدالت نے جے آئی ٹی کو ہدایت کی تھی کہ مذکورہ شخص کانام اٹارنی جنرل کو دیا جائے اور حکومت چاہے تو اسے پبلک کرسکتی ہے ۔
Leave a Reply