حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے وفاقی کابینہ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 5 نئے وزرا کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی پارٹی کا مشاورتی اجلاس میاں نوازشریف کی زیر صدارت مری میں ہوا جس میں نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، شہبازشریف، چوہدری نثار، اسحاق ڈار، پرویز رشید، احسن اقبال اور آصف کرمانی سمیت سینئر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ سے متعلق معاملات تو طے نہ ہوسکے لیکن اس دوران وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا۔
ذرائع نے اجلاس کی اندرونی کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف نے نئی کابینہ میں جنوبی پنجاب سے وزرا شامل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ نئے وزرا کی کابینہ میں شمولیت پر چھوٹے صوبوں کو ضرور شامل کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور شہبازشریف میاں نوازشریف کو آج مجوزہ وزرارتی فہرست دیں گے جس کی منظوری میاں نوازشریف دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ کابینہ کی فہرست کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ کے کل حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ میاں نوازشریف نے پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کیا ہے جس میں وہ خود شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف پارٹی کی صدارت کسی اور کو سونپ کر خود پارٹی کے بانی یا رہبر کے طور پر کام کریں گے کیونکہ پاناما کیس کے فیصلے کےبعد پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت میاں نوازشریف پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔
Leave a Reply