حکومت پاکستان میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائے گی: شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (ًمیڈیا پاکستان): وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میں پاکستان کی نوجوان نسل کو یقین دلاتا ہوں کہ آنے والے کل کا پاکستان قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالا دستی کے رہنما اُصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔
70 ویں یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ستر سال قبل ہمیں جو آزادی ملی تھی وہ آزادی ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال جدو جہد کا ثمر تھی۔ لاکھوں مسلمانوں نے ہمارے اور ہمارے بچوں کے مستقبل کے لیے قربانیاں دی تھیں۔ آج اُن کی قربانیوں کی وجہ سے ہم لوگ ایک پُر امن اور باوقار ملک میں ترقی اور خوشحالی کے راستے پر چل رہے ہیں۔ ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کا ہم پر اور ہماری آنے والی نسلوں پر قرض ہے۔ ملک کو حقیقی معنوں میں ایک آزاد اور خود مختار ملک بنا کر ہی ہم یہ قرض چکا سکتے ہیں۔
ہمارا تعلق قبیلے، برادری اور نسل کی بنیاد پر مختلف ہوسکتا ہے۔ ہم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھ سکتے ہیں۔ ہمارے سیاسی نظریات مختلف ہوسکتے ہیں۔ اقتصادی وژن الگ ہوسکتا ہے لیکن قومی مفاد کی بالا دستی اور ایک ناقابل تسخیر دفاع پوری قوم کا مشترکہ مقصد ہے جس کے لیے ہم سب مل کر جدو جہد کریں گے۔ پاکستان میں قائد اعظم نے جدید جمہوری ریاست کا ایک خواب دیکھا تھا۔ اِس خواب کی تعبیر میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت تمام تر چیلنجز کے باوجود اِس کی تعبیر کو اپنا مشن بنائے ہوئے ہے۔ جمہوری انداز میں ہونے والا حالیہ پر امن انتقالِ اقتدار پاکستان میں تیزی سے مضبوط ہوتی ہوئی جمہوری اقدار کی عملی مثال ہے۔
Leave a Reply