دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں دہشتگردی میں ملوث ہیں، عوام مشکوک نقل و حرکت سے سیکورٹی فورسز کو آگاہ کریں: آرمی چیف
لاہور(میڈیا پاکستان آن لائن)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ لاہور دھماکے جیسے واقعات ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتے ، دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں دہشتگردی میں ملوث ہیں ، عوام کی مدد سے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دیں گے عوام مشکوک نقل و حرکت سے سیکورٹی اداروں کو فوری طور پر آگاہ کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں اہم سیکورٹی اجلاس ہوا جس میں انہیں لاہور دھماکے اور آپریشن رد الفساد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ۔جنر ل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے تمام ذرائع اور روابط ختم کریں گے ۔ پاک فوج پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کیخلاف ہم سب متحد ہوکرلڑے اور اس لعنت کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے عوام کاتعاون ضروری ہے۔ عوام مشکوک نقل وحرکت سےسیکیورٹی فورسزکو مطلع کریں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ زخمیوں کی عیادت کیلئے جنرل ہسپتال پہنچ گئے
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ کابل اور لاہور میں یکے بعد دیگرے دھماکوں سے یہ بات واضح ہے کہ دونوں ممالک دہشت گردی سے یکساں طور پر متاثر ہیں۔ پاکستان افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کے لئے مددکوتیارہے۔
Leave a Reply