زید علی کا ’18 دن‘ میں شادی کا اعلان
انٹرنیٹ پر اپنی مزاحیہ ویڈیوز سے مشہور ہونے والے پاکستانی نژاد کینیڈین اسٹار زید علی کے مطابق وہ بہت جلد شادی کرنے والے ہیں اور یہ خبر سنتے ہی ان کے مداحوں کا ملاجلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔
زید علی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ وہ ’18 دنوں کے اندر شادی کرنے جارہے ہیں‘۔
زید علی کس سے شادی کررہے ہیں، یہ بات کا تو اب تک معلوم نہیں ہوسکی، البتہ گزشتہ سال ڈان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں زید علی نے بتایا تھا کہ ان کے والدین کو اس بات سے کوئی مسئلہ نہیں اگر وہ اپنی مرضی سے شادی کرتے ہیں۔
زید کا کہنا تھا کہ ’میرے والدین نے مجھے اجازت دی ہے کہ میں کسی سے بھی شادی کرسکتا ہوں، میں کسی ایسی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہوں، جس کا میڈیا یا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں، اس وقت میں صرف 21 سال کا ہوں، اس لیے ابھی میری شادی میں کچھ سال ہیں، میری پسند کی شادی میں یقیناً کوئی مسائل سامنے نہیں آئیں گے‘۔
تاہم جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہ پاکستان اپنے لیے لڑکی پسند کرنے آئے ہیں، تو انہوں نے کہا کہ ’نہیں ایسا نہیں ہے، ویسے پاکستان میں بہت خوبصورت لڑکیاں موجود ہیں‘۔
اب جبکہ انہوں نے اپنی شادی کے حوالے سے فیس بک پر پوسٹ کیا ہے، تو ہمیں امید ہے کہ وہ پھر سے اپنے مداحوں سے مذاق نہ کررہے ہوں۔
خیال رہے کہ 2014 میں زید علی نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک دوست کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔
تاہم اگلے ہی دن انہوں نے اس پوسٹ کو اَپ ڈیٹ کیا اور لکھا کہ ’میری منگنی نہیں ہوئی، دراصل میں سب کو اپریل فول بنا رہا تھا‘۔
لیکن مداحوں کو ان کا یہ مذاق کچھ خاص پسند نہیں آیا تھا، جس پر انہوں نے دوبارہ ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ یہ سب کچھ مذاق میں کیا گیا کیوں کہ اپریل فول ڈے تھا۔
سوشل میڈیا سے شہرت پانے والے پاکستانی نژاد زید علی کینیڈا میں مقیم ہیں، تاہم بیرونِ ملک پیدائش اور پرورش کے باوجود زید نے اپنا طرززندگی روایتی پاکستانیوں جیسا رکھا ہوا ہے۔
فیس بک اور ٹوئٹر پر ان کے فینز کی تعداد لاکھوں میں ہے اور ان کی مزاحیہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہیں۔
Leave a Reply