سیٹھی کا پہلا آرڈر، قومی ٹیم کے فٹنس ٹرینر شان ہیز کی چھٹی، رویہ ٹھیک نہ رکھنے کی شکایات تھیں:بورڈ ذرائع
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئر مین نجم سیٹھی نے کرسی پر بیٹھتے ہی قومی کرکٹ ٹیم کے فٹنس ٹرینر شان ہیز کی چھٹی کردی ،انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فٹنس ٹرینر شان ہیز کو فارغ کردیا گیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ شان ہیز کیخلاف قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے شکایات درج کروائی تھیں کہ ٹرینر کا رویہ ٹھیک نہیں ہے جبکہ این سی اے میں جاری کیمپ کے دوران بھی کھلاڑیوں نے ان کے رویے کی شکایت کی تھی اور یواے ای میں ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں بھی وہ ریڈ لائن پر آئے تھے۔
نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے پر تمام تر توجہ مرکوز کررکھی ہے جس سے ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا ،بھارت کیخلاف قانونی جنگ کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یہ ایک اصولی لڑائی ہے جس سے ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹ سکتے ،انہوں نے کہا بھارت نے بگ تھری بنتے وقت ہمارے ساتھ سیریز کھیلنے کا وعدہ کیا تھا لیکن پھر ٹال مٹول شروع کردی جس سے ہمیں بھاری مالی نقصان ہوا۔ عمران خان کی جانب سے تنقید کے سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے میں اس بارے میں کچھ نہیں کہوں گا۔ انہوں نے کہا جسٹس قیوم رپورٹ پرانی بات ہے جن لوگوں کا رپورٹ میں تذکرہ ہے انہیں ہیرو عوام نے بنایا ہے ،انہوں نے مشورہ دیا کہ رپورٹ پر بات کرنے کے بجائے اس سے سبق سیکھ کر آگے بڑھا جائے۔
Leave a Reply