شہباز شریف کی چوہدری نثار سے ملاقات ختم ،جب تک تحفظات دور نہیں ہوں گے پریس کانفرنس منسوخ کرنے کافیصلہ ممکن نہیں:وفاقی وزیر داخلہ
اسلام آباد (میڈیا پاکستان)وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کے درمیان ملاقات ختم ہو گئی ہے ،ملاقات میں شہباز شریف نے وزیر داخلہ کو پریس کانفرنس منسوخ کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ پارٹی کے معاملات کو منظر عام پر نہ لائیں جس پر چوہدری نثار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پریس کانفرنس کا اعلان کر چکے ہیں اور جب تک ان کے تحفظات مکمل طور پر دور نہیں ہوتے ان کیلئے پریس کانفرنس کو منسوخ کرنے کا فیصلہ آسان اور ممکن نہیں ہے۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب آج خصوصی طیارے میں لاہور سے اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے وزیر اعظم ہاوس میں مشاورت کی جس کے بعد وہ سینیٹر اسحاق ڈار اور خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ پنجاب ہاوس پہنچے جہاں ا ن کی ملاقات چوہدری نثار سے ہوئی ۔لیگی رہنماﺅں کے درمیان دو گھنٹے سے طویل ملاقات جاری رہی جس میں شہباز شریف نے چوہدری نثار کو منانے کی بھرپور کوشش کی ۔اس موقع پر شہباز شریف نے چوہدری نثار سے درخواست کی کہ وہ پارٹی معاملات کے حوالے سے میڈ یا پر آکر بات نہ کریں اور اس معاملے کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل ہونا چاہیے ۔ملاقات میں چوہدری نثار کا ملاقات میں کہنا تھا کہ میرا موقف اصول پسندانہ ہے اور تحفظات بھی اصولوں پر مبنی ہیں ۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پارٹی پر کبھی ذات کو ترجیح نہیں دی ہے ۔شہباز شریف ،اسحاق ڈار اور خواجہ سعد رفیق طویل ملاقات کے بعد پنجاب ہاوس سے واپس وزیر اعظم ہاوس چلے گئے ۔
ذرائع کے مطابق تاحال وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس منسوخ کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی۔ وہ تاحال اس بات پر مصر ہیں کہ وہ پریس کانفرنس کرکے اپنے تحفطات کا اظہار کریں گے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کل وزیر داخلہ سے وزیر اعلیٰ پنجاب دوبارہ ملاقات بھی کریں گے۔ آج تینوں رہنماؤں کی وزیر داخلہ سے ملاقات ساڑھے چار گھنٹے تک جاری رہی۔
Leave a Reply