عائشہ گلالئی معاملے پر قائم کمیٹی مسترد: شیریں مزاری کا ایاز صادق کو خط
غیرجابندارانہ انکوائری کے لیے برطانوی پارلیمان کی طرز پر پارلیمانی کمشنر برائے معیارات مقرر کیا جائے: ترجمان عمران خان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے بنائی جانے والی کمیٹی مکمل طور پر مسترد کر دی۔ عمران خان کی ترجمان شریں مزاری نے سپیکر قومی اسمبلی کو لکھے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ کمیٹی سیاسی انتقام کا ذریعہ بن ستکی ہے، اس لیے غیرجابندارانہ انکوائری کے لیے برطانوی پارلیمان کی طرز پر پارلیمانی کمشنر برائے معیارات مقرر کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات: سپیکر نے خصوصی کمیٹی کیلئے نام مانگ لئے
تفصیلات کے مطابق چیف وہپ ڈاکٹر شیریں مزاری نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ تحریک انصاف ایسے معاملات کی غیر جانبدار اور قابل اعتماد تحقیقات کی پیشکش پر قائم ہے۔ تاہم حکومتی اراکین کی اکثریت پر مشتمل کمیٹی کو یہ کام کسی طور نہیں سونپا جاسکتا، ہمارے سیاسی مخالفین کہ اکثریت پر مشتمل کمیٹی غیر جانبداریت برقرار نہیں رکھ سکتی۔ ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے سیاسی مخالفین کو بیک وقت الزام عائد کرنے، تحقیقات کرنے اور فیصلہ صادر کرنے کا اختیار نہیں سونپ سکتے۔ کمیٹی کو سیاسی نشانہ بازی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ برطانوی پارلیمان کی طرز پر غیر جانبدار پارلیمانی کمشنر برائے معیارات مقرر کیا جا سکتا ہے، برطانیہ میں کمشنر کا تقرر ایوان کی قرارداد کے ذریعے پانچ برس کیلئے کیا جاتا ہے۔ کمشنر مکمل طور پر آزاد اور غیرجانبدار انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے۔
واضح رہے عائشہ گلالئی کے عمران خان سے متعلق الزامات کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن سے خصوصی کمیٹی کے قیام کے لئے نام مانگے تھے۔
Leave a Reply