عامر خان کی اپنی بیوی سے انوکھی فرمائش
ممبئی: بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکٹ کے نام سے مشہور اداکارعامر خان نے اپنی اہلیہ کرن راؤ کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرن بہترین ہدایت کارہ ہونے کے ساتھ بہت اچھی اداکارہ بھی ہیں میں کئی بار ان سےفلموں میں اداکاری کرنے کی فرمائش کرچکا ہوں۔
ناموربالی ووڈ اداکارعامرخان ان دنوں اپنی نئی فلم ’’سیکریٹ سپراسٹار‘‘کی تشہیر میں مصروف ہیں، اسی سلسلے میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے اپنی اہلیہ کرن راؤ کے بارے میں حیرت انگیزانکشاف کیا کہ کرن بہترین بیوی، ماں اور ہدایت کارہ ہونے کے ساتھ بہت اچھی اداکارہ بھی ہیں لیکن ان کے اس ’’سیکریٹ ٹیلنٹ‘‘ کے بارے میں مجھ سمیت بہت کم لوگ جانتے ہیں، کرن کا یہ سیکریٹ ٹیلنٹ اس وقت میرے سامنے آیا جب ہم فلم ’’دھوبی گھاٹ‘‘ کی شوٹنگ کررہے تھے، کرن فلم کی ہدایات دے رہی تھیں، اس وقت فلم میں موجود ایک اداکارہ کو کردار سمجھاتے ہوئے کرن نے اتنی خوبصورت اداکاری کی کہ میں حیران رہ گیا اوران سے فرمائش کی کہ یہ کردارآپ ہی کرلیں کیونکہ آپ سے بہتر کوئی اوریہ کردارنبھا ہی نہیں سکتا لیکن کرن نے میری بات ماننے سے صاف انکار کردیا اورکہا کہ میں ہدایت کاری میں ہی ٹھیک ہوں۔
عامر خان نے مزید کہا کہ وہ دن ہے اورآج کا دن ، میں کرن سے تقریباً روز کہتا ہوں کہ اپنے ٹیلنٹ کو سب کے سامنے لے کرآؤ لیکن وہ ہربار منع کردیتی ہے۔
اس موقع پر جب کرن سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ کالج کے دنوں میں انہیں اداکاری کرنا بہت اچھا لگتا تھا لیکن اداکاری کو بطور پیشہ اپنانے کا ان کا کوئی اراداہ نہیں، ہاں جب وہ ریٹائر ہوجائیں گی تو تھیٹر میں ضروراداکاری کریں گی.
کرن راؤ نے فلم ’’سیکریٹ سپراسٹار‘‘ کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم خواتین اوران کے خوابوں سے متعلق ہے، اس فلم میں بتایا گیا ہے کہ خواتین کو اپنے خواب پورے کرنے کیلئے بالکل بھی ہچکچانا نہیں چاہئے، فلم ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ 20 اکتوبر2017 کو دیوالی کے موقع پر نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔
Leave a Reply