غیرت کے نام پر ایک اور بیٹی قتل
لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک شخص نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی اہلیہ کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق تین بچوں کی ماں 37 سالہ نسرین کی لاش مانگا منڈی کے علاقے میں واقع ان کے گھر کے ایک کمرے میں پائی گئی۔
خاتون کے بچوں اور پڑسیوں نے قتل کے بارے میں پولیس کو آگاہ کیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس ٹیم اور فرانزک ماہرین جائے وقوع پر پہنچے اور عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کرنے اور شواہد جمع کرنے کے بعد خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا گیا۔
صدر ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) مہر ممتاز کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ خاتون کو ان کے شوہر افراہیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خاتون رائے ونڈ کے علاقے میں ایک فیکٹری میں مزدوری کرتی تھیں، لیکن ان کے شوہر کو ان کی ملازمت کرنا پسند نہیں تھا اور وہ ان سے جاب چھوڑنے کا کہہ چکے تھے۔
تاہم شوہر کی مخالفت کے باوجود بھی نسرین نے ملازمت جاری رکھی۔
ایس پی نے خاتون کے بچوں کے حوالے سے بتایا کہ ان کی والدہ سو رہی تھیں جب ان کے والد نے کمرہ کا دروازہ لاک کرکے مبینہ طور پر ان پر چاپر سے حملہ کرکے قتل کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قتل کے بعد ملزم گھر سے فرار ہوگیا، جس کے بعد بچوں نے پڑوسیوں کی مدد سے کمرے کا دروزاہ کھولا، جہاں نسرین کی لاش موجود تھی، جن کا سر بری طرح سے کچلا ہوا تھا۔
ایس پی کے مطابق ملزم کی تلاش کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں۔
Leave a Reply