لاہور: بندر روڈ دھماکے کا مقدمہ درج، ہلاکتیں 2ہوگئیں
لاہور کے بند روڈ پر ٹرک دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملبے سے ایک اور لاش ملی ہے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی،دھماکے میں 32 افراد زخمی بھی ہوئے۔
ٹرک دھماکے کا مقدمہ قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی ایکٹ کے تحت تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیاہے۔
گزشتہ روز لاہور کے علاقے بندروڈ سگیاں پل کے قریب ٹرک دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ33 زخمی ہوئے تھے ، دھماکے سے قریب واقع تین منزلہ عمارت بھی زمین بوس ہوگئی۔
پولیس نے ٹرک میں بارودی مواد کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او انسپکٹر عابد بیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق دھماکا رحمت بھٹی کے پارکنگ اسٹینڈ میں ہوا، ٹرک میں دھماکا خیز موادبڑی تعداد میں رکھا گیا تھا، دھماکے سے زمین میں گہرا گڑھا پڑ گیا اور گردو نواح کے مکانات سمیت پارکنگ اسٹینڈ بھی منہدم ہوگیا تھا۔
متن کے مطابق دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 30 سے 32 افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب تفتیشی حکام نے ابتدائی تفتیش کے بعد کہا ہے کہ دھماکا خیز مواد نمی کے باعث پھٹا، ٹرک میں کچھ کیمیکل بھی موجود تھا جسے جانچنے کے لیے فرانزک لیب بھجوادیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہےکہ جس جگہ ٹرک کھڑا تھا وہ کوئی ٹارگٹ نہیں تھا تاہم حکام کو دھماکے میں استعمال ٹرک کے انجن اور چیسز نمبر کی تلاش ہے۔
Leave a Reply