مصر میں اسپتال نما ریستوران
اسپتال نما ریستوران میں ایک ڈاکٹر صارفین کو آپریشن تھیٹر نما کمرے میں کھانا پیش کر رہا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
اسپتال نما ریستوران میں ایک ڈاکٹر صارفین کو آپریشن تھیٹر نما کمرے میں کھانا پیش کر رہا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
قاہرہ: مصر میں ڈاکٹروں نے ایک ریستوران کا آغاز کیا ہے جو عین اسپتال کی طرح بنایا گیا ہے اور یہاں بیٹھنے کی جگہ کو بھی آپریشن تھیٹر کی طرح ہی بنایا گیا ہے۔
اس ہوٹل کے ملازمین کی اکثریت ڈاکٹروں پر مشتمل ہے جو ڈاکٹروں کے مخصوص لباس میں کام کرتے اور کھانا چنتے نظر آتے ہیں۔ تمام ملازمین نے ربڑ کے دستانے پہنے ہوتے ہیں اور ان کا سبز و نیلا لباس بھی کسی اسپتال کے عملے کا منظر پیش کرتا ہے۔
ریستوران کی خاص ڈش کبدا ہے جس میں کلیجی کو خاص مصالحوں میں پکایا جاتا ہے جو مصر سمیت پورے خطے میں مشہور ہے۔ گائے کی کلیجی کی یہ ڈش بہت لذیذ ہوتی ہے اور رغبت سے کھائی جاتی ہے اور اسے سینڈوچ کے انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔
تاہم کبدا کو اگر درست طریقے سے نہ پکایا جائے تو اس سے زہر خورانی (فوڈ پوائزننگ) ہو جاتی ہے اور مریض کئی روز تک اس کا شکار رہتا ہے۔ اسی لیے ڈاکٹروں نے کبدا کو فوڈ پوائزننگ سے مکمل محفوظ بنانے کے لیے سخت ہدایات پر عمل کیا اور مصری عوام یہاں سے بے دھڑک ہو کر اپنی پسندیدہ ڈش سے لطف اندوز ہونے آتے ہیں۔
یہاں کے ایک شیف مصطفیٰ بیسونی نے بتایا: ’ہم نے اپنے پیشے کی مہارت اور معیارات کو اس شعبے میں آزمانے کا فیصلہ کیا لیکن ہم صبح کے وقت ڈاکٹر ہوتے ہیں جبکہ شام کو ریستوران میں کام کرتے ہیں۔‘
Leave a Reply