معصوم کشمیریوں کا قتل عام روکنے میں عالمی برادری ناکام ہو گئی: نفیس زکریا
اسلام آباد: ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے بتایا کہ نئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے وزارت خارجہ کا چارج سنبھال لیا ہے۔ بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور رواں ہفتے 15 معصوم کشمیری شہید کر دیئے گئے ہیں اور عالمی برادری معصوم کشمیریوں کا قتل عام روکنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں اکثریتی مسلم علاقے اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہم دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کر رہے ہیں لیکن بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے جس کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے اور کسی افغان مہاجر کو زبردستی افغانستان واپس نہیں بھجوایا گیا۔ ہم افغان مہاجرین کی ان کی مرضی سے باعزت وطن واپسی چاہتے ہیں۔
نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حزب اسلامی کے ساتھ افغان حکومت کے مذاکرات کا خیرمقدم کیا اور طالبان سمیت تمام متحارب گروہوں کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں کیونکہ افغان مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے۔
Leave a Reply