نئے مالی سال کے پہلے ماہ خام تیل اور پیٹرول کی درآمد میں اضافہ
نئے مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران خام تیل اور پٹرول کی در آمد میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ فرنس آئل اور ڈیزل کی در آمد میں کمی دیکھی گئی۔
آئل انڈسٹری ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ جولائی کے دوران خام تیل کی در آمد 25 فیصد اضافے سے 8 لاکھ 88 ہزار ٹن کے قریب رہی جس میں سے ایک لاکھ71 ہزار 510 ٹن خام تیل بائیکو کی سنگل پوائنٹس مورنگ پر در آمد کیا گیا۔
جون میں خام تیل کی در آمد 7 لاکھ 8 ہزار ٹن سے زائد رہی تھی جس میں سے ایک لاکھ37 ہزار661 ٹن خام تیل بائیکو ریفائنری کی جانب سے در آمد کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی ریفائنریوں کی پیداواری استعداد میں اضافے کے باعث گزشتہ ماہ خام تیل کی در آمد میں اضافہ رہا۔
پٹرول کی در آمد گزشتہ ماہ 19فیصد اضافے سے 4 لاکھ 44 ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی جبکہ جون میں پٹرول کی در آمد 3 لاکھ 72ہزار ٹن سے زائد رہی تھی، طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن جیٹ فیول کی در آمد گزشتہ ماہ106فیصد اضافے سے 21673ٹن رہی جبکہ جون میں 10493ٹن جیٹ فیول در آمد کیا گیا تھا۔
بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے تیل فرنس آئل کی در آمد گزشتہ ماہ 6 فیصد کی معمولی کمی سے 6 لاکھ 78 ہزار ٹن سے زائد رہی جبکہ جون میں فرنس آئل کی در آمد 7 لاکھ 24 ہزار ٹن سے زائد کی سطح پر تھی۔
ڈیزل کی در آمد گزشتہ ماہ 3 فیصد کمی سے 2 لاکھ 83 ہزار ٹن رہی جبکہ جون میں ڈیزل کی در آمد 2 لاکھ 92 ہزار 597 ٹن تھی۔ نیفتھا کی برآمد جولائی میں 6 فیصد کمی سے 36 ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی جبکہ جون میں 38388 ٹن نیفتھا بر آمد کیا گیا تھا۔
Leave a Reply