نوازشریف کی ریلی میں عدلیہ مخالف پمفلٹس تقسیم ہوئے: پی ٹی آئی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان مسلم لیگ نواز پر الزام عائد کیا ہے کہ حکمراں جماعت عدلیہ اور ریاستی اداروں کے حملوں کی مرتکب ہوئی۔
نیشنل پیس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ‘عدلیہ پر حملہ کرکے نواز شریف جمہوریت کو نشانہ بنا رہے ہیں’۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جی ٹی روڈ ریلی جب راولپنڈی سے گزری تو شرکاء میں عدلیہ مخالف پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین بار وزیراعظم رینے والے فرد کی عدلیہ پر تنقید اور آئین سمیت ملک کے دیگر اداروں کی توہین تشویش ناک ہے۔
شفقت محمود کے مطابق ‘جب آپ ایک غیرآئینی تحریک کی رہنمائی کرتے ہیں تو درحقیقت آپ عدلیہ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف یہ مہم اس لیے شروع کی گئی ہے کیونکہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کو مزید نااہلیوں کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ‘اُنہیں معلوم ہے کہ انہیں نہ صرف نااہلی کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ لوٹی ہوئی رقم بھی واپس کرنی پڑے گی’۔
شفقت محمود نے الزام عائد کیا کہ جی ٹی روڈ ریلی کا بنیادی مقصد ملک کی مسلح افواج کو نشانہ بنانا تھا، ‘ان کا اصل نشانہ پاکستان آرمی ہے، یہ لوگوں کو ثابت کرنے کی کوشش میں ہیں کہ نواز شریف کو فوج کے حکم پر نااہل کیا گیا، لیکن پاکستان مسلم لیگ نواز کی ریاستی اداروں سے سامنے کی پرانی تاریخ ہے’۔
پی ٹی آئی رہنما کا دعویٰ تھا کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد شریف خاندان میں اختلافات سر اٹھا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘تہمینہ درانی نواز شریف پر الزام عائد کررہی ہیں کہ انہوں نے ریلی کے لیے پوری صوبائی مشینری کا غلط استعمال کرکے شہباز شریف کو مشکل صورتحال میں ڈال دیا ہے’۔
شفقت محمود نے کہا کہ نواز شریف جس طرح چاہیں سیاست کریں لیکن عوام کی دولت اور ریاستی مشینری کو اپنے سیاسی مفاد کے لیے استعمال نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس ادا کرنے والے افراد کی دولت کو لوٹا جانا قابل مذمت ہے، نواز شریف جس سڑک سے جانا چاہیں جائیں مگر اس کے لیے عوام کی دولت اور ریاستی مشینری کا استعمال درست نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے ریلی کی وجہ سے سڑکوں کی بندش اور زبردستی لوگوں کے کاروبار بند کرائے جانے پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ‘کسی حکومت کو اس بات اختیار حاصل نہیں کہ وہ عام عوام کے زیرِ استعمال مصروف روڈ کو بند کردے’۔
جی ٹی روڈ ریلی کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پورے پوٹوہار بیلٹ نے نواز شریف کو مسترد کردیا ہے۔
Leave a Reply