نواز شریف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ریلی میں جانے سے روک دیا
اسلام آباد (میڈیا پاکستان): سابق اور موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات کی اندرونی کہانی ٹوینٹی فورنیوز سامنے لے آیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف سے کہا کہ کل آپ کے ساتھ لاہور جانا چاہتا ہوں، نوازشریف نے کہا کہ آپ امورمملکت چلائیں میرے لیے دعا کریں، آپ کو پنجاب ہاؤس آنے کی بھی ضرورت نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب ہاؤس آؤں گا، اس کے بعد آپ کا جو حکم۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کل نوبجے بذریعہ جی ٹی روڈ لاہور روانہ ہوں گے، اعلان کردیا گیا۔ وہ جڑواں شہروں کے علاوہ جی ٹی روڈ پر مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
نوازشریف کی ریلی پنجاب ہاؤس سے مارگلہ روڈ اور میریٹ ہوٹل سگنل سے ڈی چوک پہنچے گی۔ جہاں کارکن ان کے استقبال کیلئے جمع ہوں گے۔ اس کے بعد ریلی جناح ایونیو، فیصل چوک اور فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ اور پھر فیض آباد پہنچے گی۔ فیض آباد میں بھی کارکنوں کو بڑی تعداد میں جمع کئے جانے کا پروگرام ہے۔ سابق وزیراعظم کا قافلہ شمس آباد، چاندنی چوک، کمیٹی چوک، لیاقت باغ، مریڑچوک سے کچہری چوک پہنچے گا۔
نوازشریف کا قافلہ کچہری سے جی ٹی روڈ پر چڑھ جائے گا جہاں ن لیگ کے وکلا اور راولپنڈی کینٹ کے تمام پارلیمنٹیرینز موجود ہوں گے۔ شرکا ایوب پارک، کہوٹہ موڑ، ٹی چوک، روات بازار، چک بیلی اسٹاپ، گوجرخان سے گزریں گے۔ تمام شہروں میں نوازشریف کی ریلی کا استقبال ارکانِ اسمبلی کریں گے۔
ریلی مندرہ سوہاوہ، دینہ، جہلم، سرائےعالمگیر، کھاریاں اور لالہ موسیٰ سے گزرتے ہوئے گجرات، وزیرِآباد، گھکھڑمنڈی، گوجرانوالہ، کامونکی، مریدے، کالاشاہ کاکو اور فیروز والا پہنچے گی اور شاہدرہ موڑ سے لاہور میں داخل ہو جائےگی۔
ریلی کے راستوں پر دکانوں اور کاروباری مراکز کو بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ شرکا کیلئے چوراہوں پر پانی اور کھانے کا اہتمام ہوگا۔
Leave a Reply