نوکیا کا پہلا فلیگ شپ اینڈرائیڈ فون
نوکیا نے کئی برس بعد 3310 اور اینڈرائیڈ فونز کے ذریعے اسمارٹ فون مارکیٹ میں واپسی کی ہے اور اب اس کا پہلی فلیگ شپ ڈیوائس بدھ (16 اگست) کو سامنے آنے والی ہے۔
نوکیا 8 (ممکنہ نام) کے ذریعے فن لینڈ کی یہ کمپنی اپنا پہلا فلیگ شپ اینڈرائیڈ فون پیش کرنے والی ہے، لیکن کیا یہ آئی فون یا گلیکسی ایس سیریز کا مقابلہ کرسکے گا؟
جیسا آپ کو علم ہوگا کہ نوکیا برانڈ کے رائٹس اس وقت ایچ ایم ڈی گلوبل کے پاس ہیں اور اس پر پہلے فلیگ شپ فون کے حوالے سے کافی دباﺅ بھی ہے۔
ویسے تو کمپنی کی جانب سے فون کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں مگر متعدد لیکس کے ذریعے اس کے فیچرز کا کافی حد تک اندازہ لگایا جاچکا ہے، بلکہ تصاویر بھی آچکی ہیں۔
دلچسپ بات تو یہ ہے کہ نوکیا کے پہلے ‘آئی فون کلر’ فلیگ شپ فون کی تصویر کو گزشتہ ماہ چین میں نوکیا کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردیا گیا تھا اور غلطی کا احساس ہوتے ہی اسے ڈیلیٹ بھی کردیا گیا۔
اگر لیکس کو درست مانا جائے تو یہ فون 5.3 انچ کے لگ بھگ بیزل لیس ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جبکہ میٹل باڈی کے ساتھ پہلی بار یہ کمپنی ڈوئل کیمرہ بھی صارفین کے لیے پیش کرے گی۔
اس کی اسکرین 2650×1440 ریزولوشن کے ساتھ ہوسکتی ہے اور یہ گلیکسی ایس 8 جیسے طاقتور کوالکوم اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر کے ساتھ متعارف ہوگا۔
اس میں ممکنہ طور پر 6 جی بی ریم بھی دی جائے گی جو گلیکسی ایس ایٹ میں بھی نہیں۔
اس کی اسٹوریج کے بارے میں تو تفصیلات سامنے نہیں آئیں مگر یہ امکان ہے کہ اس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ ضرور ہوگا۔
اینڈرائیڈ نیویگیٹ آپریٹنگ سسٹم اور ہیڈ فون جیک کے ساتھ اس کی قیمت 675 ڈالرز (71 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تک ہوسکتی ہے۔
اور ہاں لندن میں اس حوالے سے ہونے والے ایونٹ میں نوکیا ایٹ کے ساتھ نوکیا ٹو نامی اسمارٹ فون بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو اس کمپنی کا سستا ترین فون ہوگا۔
اس فون کے فیچرز تو کچھ زیادہ خاص نہیں، جیسے اسنیپ ڈراگون 212 سسٹم، 2800 ایم اے ایچ بیٹری اور ایک جی بی ریم، البتہ قیمت ضرور 99 پاﺅنڈز (13 ہزار روپے سے زیادہ) ہوسکتی ہے۔
Leave a Reply