نیہا دھوپیا زخمی ہوگئیں، اسپتال پہنچانے کے بجائے مداحوں کی سیلفیاں
ممبئی: بھارتی پنجاب کے شہر چندی گڑھ میں اداکارہ نیہا دھوپیا ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئیں اور اس پر ستم ظریفی یہ کہ لوگ انہیں اسپتال پہنچانے کے بجائے ان کے ساتھ سیلفیاں لیتے رہے۔
بھارتی فلم انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ نیہا دھوپیا ان دنوں اپنے رئیلٹی شو ’’نوفلٹرنیہا‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں وہ بھارتی پنجاب کے شہر چندی گڑھ میں موجود تھیں ، جہاں انہوں نے اپنے شو کی خوب تشہیر کی بعد ازاں وہ چندی گڑھ سے واپس ممبئی آنے کیلئے ائیر پورٹ جارہی تھیں کہ ان کی کار کو حادثہ پیش آگیا۔
اداکارہ کی گاڑی کو سامنے سے آنے والی تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماردی، اس حادثے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا لیکن خوش قسمتی سے نیہا دھوپیا بال بال بچ گئیں تاہم ان کا کندھا شدید زخمی ہواہے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی چندی گڑھ کے مقامی لوگ وہاں جمع ہوگئے اور گاڑی میں زخمی حالت میں موجود اداکارہ کو دیکھ کران کی مدد کرنے کے بجائے ان کے ساتھ سیلفیاں کھینچتے رہے۔
اداکارہ اور ان کی ٹیم حادثہ پیش آنے کے بعد تقریباً ایک گھنٹے تک جائے حادثہ پرہی موجود تھی لیکن کوئی بھی ان کی مدد کرنے نہیں آیا نیہالوگوں کی بے حسی دیکھ کر حیران رہ گئیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارہ خوشبوٹریفک حادثے میں شدید زخمی، بھائی اور بھتیجی جاں بحق
بعد ازاں اداکارہ اوران کی ٹیم اپنی مدد آپ کے تحت خود اسپتال پہنچیں جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کے زخموں کا علاج کیا گیا۔نیہا کے جسمانی زخم تو بھرجائیں گے لیکن ان زخموں کو بھرنے میں شاید بہت وقت لگے جو انہیں لوگوں کی بے حسی اور رویہ دیکھ کر لگے ہیں جو حادثے کے وقت ان کی مدد کرنے کے بجائے تصاویر کھینچنے میں مصروف رہے۔
Leave a Reply