وزیراعظم کی عائشہ گلالئی کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ عائشہ گلالئی کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایوان کی ایک ممبر نے دوسرے پر الزام لگائے، جس نے الزام لگایا اس کا احترام کرتے ہیں اور جن پر الزام لگایا گیا ان کا بھی احترام کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے ایوان میں تجویز پیش کی کہ ہاؤس کا معاملہ ہاؤس میں حل ہونا چاہیے، گزارش ہے کہ ایوان کے تقدس کا مسئلہ ہے اس لئے ایک خصوصی کمیٹی بنا دیں جو ان کیمرا ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ سنجیدہ معاملہ ہے جو گالم گلوچ کی نظر نہیں ہونا چاہیے، میں 30سال سےاسمبلی میں ہوں ایسی بات پہلے کبھی نہیں ہوئی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی کے سیکیورٹی سے متعلق خط علم میں آیا جس کے بعد آئی جی اسلام آباد کو 24 گھنٹے سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
اس سے قبل تحریک انصاف سے منحرف ہونے والی رہنماعائشہ گلالئی نے سیکرٹری داخلے کو لکھے گئے خط میں اپیل کی تھی کہ ان کی جان کو خطرہ ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں جب کہ سوشل میڈیا پر تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں اس لئے جلد سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
خیال رہے کہ یکم اگست کو عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان پر سنگین الزامات لگائے جس کے بعد انہوں نے تحریک انصاف کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔
Leave a Reply