وفاقی کابینہ کے مزید 4 وزراء نے حلف اٹھالیا
اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نئی کابینہ کے مزید 2 وفاقی وزراء اور 2 وزرائے مملکت نے حلف اٹھالیا جس کے ساتھ ہی کایبنہ میں وزراء کی تعداد 47 ہوگئی۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدر پاکستان ممنون حسین نے نئے وزراء سے حلف لیا، اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی موجود تھے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز اور ممتاز احمد تاررڑ نے وفاقی وزراء کی حیثیت سے حلف اٹھایا جبکہ ایاز شاہ شیرازی اور دوستین خان ڈومکی نے وزرائے مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
خیال رہے کہ پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد وفاقی کابینہ تحلیل کردی گئی تھی۔
نواز شریف کی نااہلی کے بعد حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی طرف سے شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔
رواں ماہ یکم اگست کو شاہد خاقان عباسی قومی اسمبلی میں ہونے والے انتخاب میں 221 ووٹ حاصل کرکے 45 روز کے لیے وزیراعظم منتخب ہوئے اور اسی روز انہوں نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا تھا۔
اس سے قبل نو منتخب وزیراعظم کی نئی کابینہ کے 43 اراکین حلف اٹھا چکے ہیں۔
وزیر اعظم کے مشیروں اور معاونین خصوصی کے ناموں کا اعلان اور اس کے حوالے سے نوٹیفکیشن کا اجراء آج متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز کو وزارت نجکاری جبکہ ممتاز احمد تارڑ کو انسانی حقوق کی وزارت دی جائے گی۔
Leave a Reply