ٹام کروز شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے
ہولی وڈ سپر اسٹار ٹام کروز ان دنوں اپنی آنے والی فلم مشن امپاسیبل 6 کی شوٹنگ میں مصروف تھے، تاہم اب وہ کچھ دن تک آرام کریں گے۔
ٹام کروز مشن امپاسیبل 6 کی شوٹنگ کے دوران ایک اسٹنٹ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے، جس وجہ وہ کچھ دن تک آرام کریں گے۔
ٹی ایم زیڈ نے اداکار کے اسٹنٹ کرنے کے دوران زخمی ہونے کی ویڈیو جاری کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک سے دوسری عمارت تک پہنچنے کے لیے جمپ لگاتے ہوئے ناکام ہوگئے۔
ٹام کروز دوسری عمارت پر پہنچے, لیکن وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے، اور نیچے گر گئے۔
ٹام کروز نے ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمارت کو زور سے پکڑا، جس وجہ سے وہ زیادہ زخمی ہونے سے بچ گئے۔
ٹام کروز کو اسٹنٹ کے دوران رسیوں سے بھی باندھا گیا تھا، جس وجہ سے وہ زیادہ چوٹیں لگنے سے محفوظ رہے۔
خیال رہے کہ ایکشن اور تھرلر فلموں کے کئی خطرناک اسٹنٹ اداکاروں کے بجائے دوسرے ماہر اسٹنٹ افراد بھی کرتے ہیں، تاہم کئی اداکار یہ خطرناک کام خود بھی سر انجام دیتے ہیں۔
ٹام کروز مشن امپاسیبل کی پہلی فلموں میں بھی خطرناک اسٹنٹ کر چکے ہیں، جب کہ فلم کی چھٹی سیریز کے لیے وہ اس اسٹنٹ سے قبل بھی اپنی زندگی خطرے میں ڈال چکے ہیں، انہوں نے اس فلم کی شوٹنگ کے دوران فلمی کیریئر کے مشکل ترین اسٹنٹ کیے۔
اسٹنٹ کرنے کے دوران ہولی وڈ اور بولی وڈ کے کئی اداکار زخمی بھی ہوچکے ہیں، گزشتہ ہفتے ہی بولی وڈ ہیرو اجے دیو گن بھی اپنی آنے والی فلم بادشاہو کی شوٹنگ کے دوران ایک اسٹنٹ کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے۔
ٹام کروز کی آنے والی فلم مشن امپاسیبل 6 آئندہ برس جولائی کو ریلیز کی جائے گی، اس سے پہلے اس سیریز کی 5 فلمیں آ چکی ہیں۔
فلم ساز کرسٹوفر مک کوری کی اس فلم میں ٹام کروز نہ صرف اداکاری کر رہے ہیں، بلکہ وہ اس کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔
فلم کی دیگر گاسٹ میں رابیکا فرگوسن، سائمن پیگ، مائیکل موناگن، ہینری کیول اور الیک بیلڈون سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
سیریز کی پہلی فلم مشن امپاسیبل کے نام سے 1996 میں آئی تھی، دوسری چار سال بعد 2000، تیسری 2006، چوتھی 2011 اور پانچویں فلم 2015 میں ریلیز کی گئی تھی، چھٹی فلم کو 2018 میں ریلیز کیا جائے گا۔
Leave a Reply