پاکستان آئین اور قانون کے راستے پر چل پڑا ہے: آرمی چیف
لاہور( میڈیا پاکستان): آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان آئین اور قانون کے راستے پر چل پڑا ہے۔ پاک سر زمین کے دشمنوں کو چن چن کر ماریں گے۔ دشمنوں کی گولیاں ختم ہوجائیں گی پاک فوج کے جوانوں کے سینے ختم نہیں ہوں گے۔
واہگہ بارڈر پر جنوبی ایشیا کا سب سے اونچے اور سب سے بڑے پاکستانی پرچم کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ سبز ہلالی پرچم کی اونچائی 400 فٹ، لمبائی 120 فٹ اور چوڑائی 80 فٹ ہے۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپہ سالار نے کہا کہ جس قوم کا جذبہ اس قدر شاندار ہو اور جو ملک اللہ اور رسول ﷺ کے نام پر حاصل کیا گیا ہو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایک مضبوط ملک ہے جو دن بدن ترقی کررہا ہے۔ سپہ سالار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔
جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہا کہ ہمارے دشمن مغرب میں ہوں یا مشرق میں، ہم ہر طرح سے تیار ہیں، دہشت گردوں کو چن چن کر ماریں گے، دشمن کی گولیاں ختم ہوجائیں گی، ہمارے سینے ختم نہیں ہوں گے۔
سپہ سالار نے یہ بھی کہا کہ قوم کے عزم کو کوئی خطرہ متزلزل نہیں کر سکتا۔ وہ یقین دلاتے ہیں کہ پاک فوج اور دیگر ادارے قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔
Leave a Reply