پاکستان معاشی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے، سی پیک خطے کے لئے گیم چینجرہے ، صدر ایل سی سی آئی
لاہور(میڈیا پاکستان آن لائن ) لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے، جنوبی ایشیا میں پاکستان کا اہم ٹریڈ پارٹنر بن سکتا ہے، چین پاکستان اکنامک کاریڈور میں روس کی دلچسپی خوش آئند ہے، یہ صرف گیم چینجر ہی نہیں بلکہ اس نے ورلڈ آرڈر تبدیل کردیا ہے، اس کی تکمیل کے بعد خطے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئیگور کولسوو اور الینا ایم خولود پر مشتمل دورکنی روسی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو سیکٹرز کی مطابقت سے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ پاکستان اور روس کے تاجر مشترکہ منصوبہ سازی کے ذریعے باہمی تجارتی و معاشی تعلقات مستحکم کریں گے۔ عبدالباسط نے کہا کہ کراچی میں سٹیل ملز کے قیام پر پاکستانی قوم روس کی شکرگزار ہے ، یہ سٹیل مل نہ صرف ملک بھر میں سٹیل مصنوعات کی رسد کا اہم ذریعہ ہے بلکہ ملک کی معاشی ترقی میں بھی کردار ادا کررہی ہے۔ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھ رہا ہے مگر یہ تسلی بخش نہیں لہذا اس سلسلے میں مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، روس ایک بڑی اور پاکستان کے لیے بہت اہم مارکیٹ ہے پاکستان روس کو ٹیکسٹائل، گارمنٹس، چاول، لیدر مصنوعات، کھیلوں کا سامان اور آلات جراحی اور فارماسیوٹیکل مصنوعات وغیرہ کی برآمد بڑھاسکتا ہے جبکہ روس پاکستان کو پاور ایکویپمنٹ، سٹیل، یوریا اور کیمیکلز بڑی مقدار میں برآمد کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئل اینڈ گیس سیکٹر میں روس کے سرمایہ کاروں کے لیے وسیع گنجائش ہے جس سے انہیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے،دونوں ممالک کے تاجروں پر زور دیا کہ وہ فوڈ پراسیسنگ، آئل، گیس، معدنیات، توانائی، انجینئرنگ، آٹوموبیل اور انڈسٹریل کیمیکلز سمیت دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کا آغاز کریں۔
Leave a Reply