پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی
بیجنگ: پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر پیر کو بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔
پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر پاکستانی سفیر نے صدرمملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی برادری کو یوم آزادی کی مبارک باد دی اور کہا کہ آج کے دن ہمیں احساس ہوتا ہے کہ ہم ایک خود مختار اور آزاد مملکت کے شہری ہیں۔ جس کامستقبل تابناک ہے ۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات میں ہرگذرتے دن کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔ مسعود خالد نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) مستقبل کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
تقریب میں پاکستانی سفارتخانہ اورقونصل جنرل کے حکام ، اہلکاروں، ان کے اہل خانہ اور چین میں مقیم بعض پاکستانیوں نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔
Leave a Reply