ہم ٹی وی کا نیا ڈرامہ ’پگلی‘ بہت جلد نشر کیا جائے گا، جس میں پاکستانی اداکارہ حرا مانی ایک ذہنی مریضہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
اس ڈرامے کی کاسٹ میں حرا کے علاوہ عاصم اظہر، حنا الطاف، نور حسن اور محمود اسلم بھی شامل ہیں۔
حرا نے ڈان سے بات کرتے ہوئے اپنے ڈرامے کے حوالے سے بتایا، ’میں ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہوں جو اچانک اپنی یادداشت کھو دیتی ہے اور اپنا گھر چھوڑ دیتی ہے، اور ایسا 2 سے 3 بار ہوتا ہے، وہ بہت عقلمند ہے اور پورے گھر کو ایک ساتھ لے کر چلتی ہے‘۔
ڈرامے کے حوالے سے حرا نے مزید بتایا کہ ’عاصم اس ڈرامے میں میرے منگیتر کا کردار ادا کریں گے، تاہم میں ان سے الگ ہوجاؤں گی، یہ پروجیکٹ کافی مختلف ہے، اس کی کہانی زاحیہ ہوگی‘۔
حرا کا کہنا تھا کہ ’یہ کوئی روایتی ساس بہو کی کہانی نہیں ہوگی، ‘پگلی’ پاکستان کے نامور ڈرامے ‘ان کہی’ جیسا لگے گا‘۔
وہ اس ڈرامے کا آفیشل گانا بھی گائیں گی جس میں عاصم اظہر ان کا ساتھ دیں گے۔
اس ڈرامے کی ہدایات علی مسعود دے رہے ہیں جس کی کہانی شوکت تھانوی کے ناول پر مبنی ہے، اس ڈرامے کا آغاز رواں ماہ 28 تاریخ سے ہوگا۔