کراچی: وین میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس کر جاں بحق
کراچی کے علاقے گارڈن میں وین میں آتشزدگی کے نتیجے میں پکنک پر جانے والے بد نصیب خاندان کے 6 افراد جھلس کر جان بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق وین میں آگ گیس سلینڈر میں لیکیج کے نتیجے میں لگی، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بد نصیب خاندان پکنک منانے کے لیے گھر سے ہاکس بے جارہا تھا کہ وین کے گیس سلینڈر میں لیکیج کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔
آتشزدگی کے نتیجے میں ایک خاندان کی دو خواتین اور 3 بچوں سمیت 6 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ دیگر 4 زخمی ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شاخت سلیم، ان کی اہلیہ نیلو فر اور ان کے دو بچے، شہریار اور دو سالہ عبدالہادی جبکہ سلیم کی بھابی بینش اور بیٹی مہوش کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں محمد علی (بینش کے خاوند اور مہوش کے والد)، مریم، شہروز اور باسط شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق بد نصیب خاندان گارڈن ویسٹ کا رہائشی تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے فوری بعد وین کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے کر رپورٹ طلب کرلی۔
Leave a Reply