کرینہ کپور ’مدھوبالا‘ بننے کیلئے پرفیکٹ؟
ہندوستان کی خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ مدھوبالا کی زندگی پر اگر فلم بنائی جائے تو آپ کے خیال میں کون سی اداکارہ ان کا کردار بخوبی انداز میں ادا کرپائیں گی؟
ہماری جو بھی رائے ہو لیکن مدھو بالا کی بہن کا ماننا ہے کہ کرینہ کپور اس کردار کو سب سے بہتر انداز میں ادا کرسکتی ہیں۔
مڈ ڈے کی رپورٹ کے مطابق دہلی میں موجود مادام تساؤ میوزیم میں مدھو بالا کے مجسمے کی لانچ کی تقریب منعقد ہوئی، اس دوران ان کی بہن مدھر برج بھی موجود تھیں، جنہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ سب کا شکریہ جنہوں نے مدھوبالا کو آج تک یاد رکھا اور اپنے دلوں میں جگہ دی‘۔
میڈیا کے پوچھنے پر انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر کبھی مدھوبالا کی زندگی پر فلم بنی تو کون سی اداکارہ اس کردار کے لیے پرفیکٹ ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا ’ایک وقت تھا جب میں چاہتی تھی کہ مادھوری ڈکشٹ، مدھو بالا کا کردار ادا کریں، لیکن اب کرینہ کپور خان یہ کردار زیادہ بہترین انداز میں کرسکتی ہیں، کیوں کہ ان میں مدھوبالا کی جھلک آتی ہے اور وہ ایک خوبصورت اداکارہ ہیں‘۔
اپنی بہن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’مدھو بالا بہت سادہ لڑکی تھیں، وہ گھر میں سب سے بڑی تھیں، لیکن کبھی حکم نہیں چلاتی تھیں، انہوں نے فلموں میں کام کرنے کے لیے ہم سب کی حوصلہ افزائی کی‘۔
خیال رہے کہ مدھو بالا نے اپنی زندگی میں کئی بہترین فلموں میں کام کیا، جن میں ’محل‘، چلتی کا نام گاڑی، ’مغل اعظم‘ اور ’برسات کی رات‘ شامل ہیں۔
مدھو بالا کو بین الاقوامی سطح پر اُس وقت پہچانا گیا جب 1952 میں ایک امریکی میگزین پر ان کی تصویر شائع ہوئی۔
اداکارہ کا انتقال طویل علالت کے بعد 1969 میں 36 سال کی عمر میں ہوا تھا اور اب ان کے اعزاز میں یہ مومی مجسمہ تیار کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ دہلی میں مادام تساؤ میوزیم کا افتتاح گزشتہ ماہ ہی کیا گیا تھا، یہ ہندوستان میں پہلا جبکہ دنیا بھر میں 23واں مادام تساؤ میوزیم ہے
اس میوزیم میں مدھوبالا کے مجسمے کو ان کی فلم ’مغل اعظم‘ میں کیے گئے شاندار کردار ’انارکلی‘ کا روپ دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس میوزیم میں اب تک اداکاروں میں صرف امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کا مجسمہ رکھا گیا ہے جبکہ گلوکارہ آشا بھوسلے اور شریا گھوشال کا مجسمہ بھی یہاں موجود ہے۔
Leave a Reply