کوک اسٹوڈیو 10: بہترین گلوکاری کے ساتھ آغاز
پاکستانی میوزیکل شو کوک اسٹوڈیو کے دسویں سیزن کا طویل عرصے سے انتظار کیا جارہا تھا، جس کی پہلی قسط آخر کار 11 اگست کو ریلیز کردی گئی۔
اس قسط میں کئی نامور گلوکاروں نے پرفارم کیا، جس میں شفقت امانت علی، احمد جہانزیب، مومنہ مستحسن، دانیال ظفر، علی سیٹھی، حنا نصراللہ اور امانت علی موجود ہیں۔
پہلی ہی قسط میں کوک اسٹوڈیو نے ایسے گلوکاروں کو پیش کیا ہے، جن سے یقیناً شائقین کو بہتر گانوں کی امیدیں ہیں۔
خیال رہے کہ کوک اسٹوڈیو نے سیزن 10 کی شروعات قومی ترانے سے کی تھی، تاہم موسیقی کے ناقدین نے اسے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کوک اسٹوڈیو نے قومی ترانے کو منفرد انداز میں پیش کرنے کے چکر میں اس کے احساس کو ختم کردیا۔
چھا گئی کالی گھٹا (حنا نصراللہ اور امانت علی)
ابھی کوک اسٹوڈیو کی پہلی قسط پر عام شائقین کا ردعمل آنا باقی ہے، لیکن ہم یہاں اس کا مختصر جائزہ پیش کر رہے ہیں۔
آغاز کرتے ہیں حنا نصراللہ اور امانت علی کے گانے سے جنہوں نے ایک ساتھ مل کر ’چھا رہی کالی گھٹا‘ سے کیا، یہ دونوں ہی پاکستانی میوزک انڈسٹری کے بہترین گلوکار ہیں، جہاں حنا نے اس گانے سے مکمل انصاف کیا، وہیں امانت علی نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
گانے کے میں موسیقی بھی کافی خوبصورتی سے پیش کی گئی، لیکن امانت علی سے اس سے بہتر گلوکاری کی امید رکھی جاسکتی تھی، تاہم یہ گانا پہلی قسط کے لیے کافی متاثر کن ثابت ہوا، ممکن ہے آگے چل کہ امانت علی مزید نکھر کر سامنے آئیں۔
منتظر (مومنہ مستحسن اور دانیال ظفر)
کوک اسٹوڈیو سیزن 10 کی پہلی قسط میں دوسرا گانا مومنہ مستحسن اور دانیال ظفر نے گایا، مومنہ مستحسن گزشتہ سیزن میں کافی مقبول ہوئی تھیں، جب کہ علی ظفر کے بھائی دانیال ظفر اس شو میں نیا اضافہ ہیں۔
ویسے تو دانیال ظفر ایک بہترین گلوکار ہیں تاہم بہت جگہ ایسا محسوس ہوا، جیسے ان کے بجائے علی ظفر ہی یہ گانا گا رہے ہیں، اگر میں یہ کہوں کہ اس قسط کا سب سے کمزور گانا مجھے یہی لگا تو غلط نہیں ہوگا، کیوں کہ مجھے ان دونوں کی گلوکاری بہت زیادہ متاثر نہ کر پائی۔
گانے کی موسیقی کافی تیز تھی، جب کہ سنگرز کی گلوکاری اس کے مقابلے میں کمزور رہی۔
رنجش (علی سیٹھی)
اگر میں ایسا کہوں کہ اس قسط کا سب سے بہترین گانا علی سیٹھی کا رنجش ہی صحیح‘ رہا تو شاید آپ بھی اس بات سے اتفاق کریں گے۔
علی سیٹھی کی گلوکاری ویسے ہی کافی متاثر کن ہے، جو پچھلے سیزن میں بھی بہترین گانے گا چکے ہیں، اس بار انہوں نے پُرانے وقتوں کے گانے کا انتخاب کیا اور اسے نہایت خوبصورت انداز میں گایا۔
احمد فراز کے لکھے اس بہترین گانے کو علی سیٹھی نے مہدی حسن کو ٹریبیوٹ دینے کے طور پر پیش کیا، پوری گلوکاری نہایت سادہ تھی، جبکہ علی سیٹھی نے کسی ایک مقام پر بھی میوزک کو نہیں چھوڑا، بلکہ میوزک سے جڑ کر اس گانے کو خوبصورتی سے گایا ہے۔
اللہ اکبر (احمد جہانزیب اور شفقت امانت علی)
کوک اسٹوڈیو 10 کا آغاز پاکستان کے 2 کامیاب گلوکاروں کے صوفی گانے سے ہوا، شفقت امانت علی اور احمد جہانزیب کو ایک ساتھ پیش کرنا ایک بہترین انتخاب تھا جنہوں نے اللہ اکبر نامی قوالی گائی۔
اس قوالی میں بہترین گلوکاری کے ساتھ ساتھ شاندار موسیقی کو بھی پیش کیا گیا، جسے یقیناً بار بار سننے کا دل کرے گا۔
کوک اسٹوڈیو سیزن 10 کی پہلی قسط کو دیکھا جائے تو یہ بہترین موسیقی اور گلوکاری کے باعث متاثر کن رہی، تاہم ان میں کچھ اور بہتری کی جاسکتی تھی، اب دیکھتے ہیں کہ اس کی اگلی قسط میں کون سے گلوکار پرفارم کریں گے۔
Leave a Reply