کیریبیئن لیگ، کاؤنٹی میں شریک قومی کرکٹرز کو واپس بلانے کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون کے ممکنہ دورہ پاکستان کو مدنظر رکھتے ہوئے کیریبیئن پریمیئر لیگ(سی پی ایل) اور کاؤنٹی کرکٹ میں شریک کھلاڑیوں کو فوری طور پر وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بورڈ نے یہ فیصلہ آئی سی سی ورلڈ الیون سیریز کی تاریخوں میں تبدیلی کے پیش نظر کیا گیا ہے جہاں اب یہ سیریز ستمبر کے دوسرے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسی وجہ سے ورلڈ الیون کے دورے سے قبل نیشنل ٹی20 کپ بھی شیڈول کیا ہے تاکہ ملک میں ہونے والی سیریز کے فوری بعد قومی ٹیم متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف 24 ستمبر سے شیڈول سیریز کیلئے روانہ ہو سکے۔
جمعے کو بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو کیریبیئن پریمیئر لیگ اور کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کی اجازت اس شرط پر دی گئی تھی کہ اگر آئی سی سی ورلڈ الیون کی سیریز ستمبر میں منعقد ہوئی تو انہیں واپس طلب کر لیا جائے گا۔
کھلاڑیوں کو قومی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے 25 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی20 ٹورنامنٹ سے قبل ملتان میں فٹنس ٹیسٹ اور ٹریننگ کیمپ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
کھلاڑیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ کوچ مکی آرتھر کو فٹنس اور میڈیکل ٹیسٹ کیلئے 22 اگست کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں جس کے بعد نیشنل ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد ہو گا اور کھلاڑی قومی ٹیم مینجمنٹ کی زیر نگرانی سیریز کی تیاری کیلئے ٹریننگ کیمپ میں شرکت کریں گے۔
Leave a Reply