کینیا میں صدارتی انتخاب کے بعد پرتشدد احتجاج؛ 5 افراد ہلاک
کینیا میں صدارتی انتخاب کے بعد پرتشدد احتجاج کے دوران 5 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ اپوزیشن کی جانب سے دھاندلی کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔
کینیا میں 8 اگست کو ہونے والی صدارتی انتخاب کے نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور 97 فیصد نتائج کے مطابق سابق حکمراں جماعت کے رہنما کینیاتھا 54 فیصد ووٹ کے ساتھ آگے ہیں جب کہ اپوزیشن لیڈر اوڈنگا 44.8 فیصد ووٹ حاصل کرچکے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر اوڈنگا نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا جب کہ اپوزیشن کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جارہا ہے اور پرتشدد احتجاج کے دوران 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
دارالحکومت نیروبی میں پولیس نے 2 افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا جب کہ پولیس چیف جیفی کومی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک افراد احتجاج کا فائدہ اٹھا کر چھینا چھپٹی کر رہے تھے جب کہ جنوبی شہر مگرینگو میں سیکیورٹی فورسز نے جھڑپ کے دوران ایک نوجوان مارا گیا۔
پولیس کے مطابق جنوب مشرقی شہر تانا میں 5 مسلح افراد نے انتخابی نتائج تیار کرنے والے دفتر پر حملہ کیا اور اس دوران مسلح افراد نے چاقووں کے وار سے ایک شخص کو ہلاک کیا جب کہ فورسز کی فائرنگ سے 2 مسلح شخص مارے گئے جب کہ تین فرار ہوگئے جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
اپوزیشن لیڈر اوڈنگا کے آبائی علاقے میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا جب کہ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنے کی پاداش میں پولیس کی جانب سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔
Leave a Reply