گوگل نےبہترین سیلفی لینے کے لئے نئی ایپ متعارف کروا دی
نیویارک: اسمارٹ فونز اور سوشل میڈیا کے اس دور میں جہاں دیگر تصاویر شیئر کرنے کے رجحان میں تیزی ہوئی ہے، وہیں سیلفی کا بخار بھی سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔تاہم کئی لوگ ایسے ہیں، جن کے کیمرے کا رزلٹ صحیح نہ ہونے کی وجہ سے ان کی سیلفی اچھی نہیں آتی۔لیکن متعدد لوگ ایسے بھی ہیں، جن کے پاس اچھے موبائل ہونے کے باوجود انہیں اچھی سیلفی کھینچنا نہیں آتی۔اب اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے گوگل میدان میں آچکا ہے، اور کمپنی نے گوگل نیٹو کیمرہ ایپ ( گوگل کیمرہ) نامی ایک ایسی ایپلی کیشن متعارف کرادی، جو بہترین سیلفی لینے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اس طرح کی کئی اور سیلفی ایپلی کیشنز پہلے سے ہی کام کر رہی ہیں، تاہم گوگل کے مطابق گوگل کیمرہ ایپ کو خصوصی طور پر بہترین سیلفی کے لیے تیار کیا گیا، جو دیگر ایپس کے مقابلے اچھے رزلٹ کی تصویر اور ویڈیوز بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ گوگل کیمرہ ایپلی کیشن کو فوری طور پر اینڈرائڈ موبائل کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، جب کہ فی الحال یہ ایپ کچھ ممالک میں دستیاب نہیں، لیکن جلد ہی یہ ایپ تمام ممالک میں دستیاب ہوگی۔کمپنی نے یہ وضاحت نہیں کی کہ گوگل کیمرہ کن کن ممالک میں فوری طور پر دستیاب نہیں، تاہم کمپنی کے مطابق اسے پلے اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
گوگل کیمرہ ایپ نہ صرف سیلفی بلکہ سیلفی ویڈیو بنانے میں بھی مدد فراہم کرتی ہے، ایپلی کیشن کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث یہ ازخود روشنی اور رنگوں کو تصویر کے مطابق ڈھالنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ گوگل کیمرہ ایپ کو استعمال کرنا نہایت ہی آسان ہے، جس طرح عام سیلفی ایپلی کیشنز استعمال کی جاتی ہیں، اسی طرح اسے بھی استعمال کیا جاسکے گا، تاہم یہ ایپ سیلفی کھیچنے میں چند سیکنڈ زیادہ وقت لیتی ہے۔ گوگل کی ایپلی کیشن کمپنی کے پکسل اور نیکشز موبائل پر فوری طور پر کام کرے گی، جب کہ فی الحال یہ ایپ آئی او ایس پر بھی کام نہیں کرے گی۔کمپنی کے مطابق جلد ہی اس ایپ کو تمام اسمارٹ موبائل کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
خیال رہے کہ فوری طور پر یہ ایپ پاکستانی صارفین کے لیے بھی گوگل ایپ پر دستیاب نہیں تھی، تاہم اسے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں متعارف کرائے جانے کا کام جاری ہے۔
Leave a Reply