یوٹیوب میں بھی میسجنگ سروس متعارف
ایک سال سے زائد عرصے تک آزمائش کے بعد آخرکار یوٹیوب نے تمام صارفین کے لیے میسجنگ کا فیچر متعارف کرادیا ہے۔
یوٹیوب نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے اپنی ایپ کو ویڈیو شیئرنگ فیچر کے ساتھ اپ ڈیٹ کیا ہے جو لوگوں کو پرائیویٹ ونڈو میں چیٹ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس اپ ڈیٹ کا مقصد شیئرنگ کو آسان، تیز تر اور فون پر صارفین کے لیے زیادہ تفریح فراہم کرنا ہے۔
اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین اپنے دوستوں کے ساتھ ویڈیوز کو ایک لنک کے ذریعے شیئر کرسکیں گے جبکہ تیس افراد پر مشتمل گروپ کو بھی تشکلیل دیا جاسکے گا۔
جو ویڈیوز شیئر کی جائیں گی وہ میسجنگ ونڈو کے اندر ہی پلے ہوسکیں گی جبکہ ٹیکسٹ اورر ایموجی کے ساتھ انفرادی پیغامات کو لائیک بھی کیا جاسکے گا۔
آسان الفاظ میں یوٹیوب فیس بک میسنجر جیسا بننے والی ہے جس میں ایپ کے اندر رہتے ہوئے لوگوں سے چیٹ بھی کی جاسکے گی جبکہ ویڈیوز بھی شیئر کی جاسکیں گی۔
یوٹیوب کو توقع ہے کہ میسجنگ کے ساتھ صارفین کا اس ایپ پر گزارے جانے والا وقت مزید بڑھے گا اور وہ دیگر حریف نیٹ ورکس جیسے ٹوئٹر، اسنیپ چیٹ اور فیس بک کے مقابلے میں گوگل کی اس ایپ کو ترجیح دیں گے۔
واضح رہے کہ اس وقت ہر ماہ ڈیڑھ ارب سے زائد افراد یوٹیوب ایپ کو استعمال کرتے ہیں جبکہ یوٹیوب کے ذریعے ہی گوگل سوشل نیٹ ورکس کی دنیا میں قدم رکھنا چاہتا ہے، جس میں اب تک اسے ناکامی کا سامنا ہوا ہے۔
یوتیوب کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش گزشتہ سال مئی سے کی جارہی تھی تاہم اب یہ ہر ایک کے لیے دستیاب ہے۔
Leave a Reply