سرکاری زمینوں پر قبضوں کا انکشاف ،کمیشنر لاہور عبداللہ سنبل نے بھانڈا پھوڑ دیا
لاہور (شہباز بٹ سے)اعلیٰ افسران کی سستی ،غیر فعال مانیٹرنگ سسٹم،لینڈ مافیا کے ساتھ ملی بھگت اور ذاتی مفادات،لاہورڈویژن میں قبضہ مافیا کا راج ،7 سال کے عرصہ کے دوران صوبائی حکومت کی 3500ایکڑ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضہ کر لیا گیا۔اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واہ گزار کروانے کے لئے کوئی حکمت عملی وضع نہ کی جا سکی ،شیخوپورہ ،لاہور اور ننکانہ صاحب کے اضلاع قبضہ گروپوں اور لینڈ مافیا کا گڑھ بن گئے ، کمشنر لاہور کی آڈٹ رپورٹ نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ریونیو کے اعلیٰ افسران کی کارکردگی کا پول کھول دیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویژن کے4اضلاع شیخوپور ہ،ننکانہ صاحب ،قصور اور لاہور میں 2010تا 2017کے درمیان7سالوں میں صوبائی حکومت کی 3500ایکڑ سرکاری اراضی پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لاہور اور ریونیو کے اعلی افسران کی سستی ،غیر فعال مانیٹرنگ سسٹم،لینڈ مافیا کے ساتھ ملی بھگت اور ذاتی مفادات پورے کرنے کی بناء پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق لاہور ڈویژن کی حدود میں 3500ایکڑ سرکاری اراضی کی مجموعی مالیت 28ارب 19کروڑ اور 30لاکھ روپے بنتی ہے۔ ضلع شیخوپورہ میں423ایکڑ ،4کنال اور 14سکیئر فٹ سرکاری اراضی پر قبضہ کر لیا گیا جس کی مالیت 11ارب 52کروڑ روپے بنتی ہے ۔ضلع لاہور میں 82ایکڑ 3کنال سرکاری اراضی جس کی مالیت 1ارب 92کروڑ20لاکھ روپے ہے لینڈ مافیا کی دسترس میں چلی گئی اور ضلع ننکانہ صاحب میں 2010سے لے کر 2017تک سرکاری افسران کی معاونت سے لینڈ مافیا پوری طرح متحرک نظر آیا جس نے641ایکڑ 3 کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے صوبائی حکومت کو 5ارب 75کروڑ اور 10لاکھ روپے کانقصان پہنچایا ہے۔ریونیو ذرائع کے مطابق کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل نے اپنی آڈٹ رپورٹ میں لاہور ڈویژن میں سرگرم قبضہ گروپوں کی نشاندہی کرکے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ریونیو کے اعلیٰ افسران کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے جو صرف زبانی جمع خرچ تک ہی محدود ہے ۔جس تناسب سے سابقہ 7سالوں میں سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کی سرگرمیوں نے عروج پکڑا ہے اسی تناسب سے ریونیو اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لاہور،ننکانہ اور شیخوپورہ کے اعلیٰ افسران کی کارکردگی زوال کا شکار ہوئی ہے ۔آڈٹ رپورٹ کے منظر عام پر آنے اور اعداد و شمار کے سامنے آنے کے باوجود ابھی تک ریونیو کی انتظامی سیٹوں پر براجمان افسران کی طر ف سے اس سرکاری اراضی کو واہ گزار کروانے کے لئے کوئی حکمت عملی سامنے نہ آسکی ہے ۔کمشنر لاہور آفس کے ترجمان کے مطابق لاہور ڈویژن کو قبضہ گروپوں اور ان کے سرپرستوں سے پاک کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی وضح کی جارہی ہے ۔ پچھلے سال کی نسبت سینکڑوں ایکڑ سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے واہ گزار کروا لیا گیا ہے،کمشنر لاہور نے متعلقہ اضلاع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ جلد از باقی ماندہ سرکاری اراضی کو بھی قبضہ مافیا سے واہ گزار کروا کر ذمہ داران کے خلاد مقدمات کے اندراج کریں ، چند روز بعد دوبارہ قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن شروع کر دیا جائے گا
Leave a Reply