چیف آف دی ائیر سٹا ف ،سیرینا ہوٹلزانٹرنیشنل اور خواتین کے سیرینا کومبکس اسپورٹس انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس اختتام پذیر
پاکستان اسکواش فیڈریشن نے مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں مردوں کے چیف آف دی ائیر سٹا ف ۔ سیرینا ہوٹلز انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ اور خواتین کے سیرینا۔کومبکس اسپورٹس انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس، پاک فضائیہ، سیرینہ ہوٹلز اورکومبکس سپورٹس کے مشترکہ تعاون سے 11 تا 15 اکتوبر 2021 منعقد کروائے۔ پاکستان کے بشمول دنیا کے 11 مختلف ممالک آسٹریا، جمہوریہ چیک، مصر، انگلینڈ، فرانس، ہانگ کانگ، روس، سربیا، سپین اور سوئٹزرلینڈ کے 22 کھلاڑی اس ایونٹ کے مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں شریک ہوئے۔
مردوں اور عورتوں کے ایونٹس کے فائنلز آج کھیلے گئے۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف امارشل ظہیر احمد بابر سدھو، جو پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں، اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے فائنل کھیلنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔
خواتین کا فائنل عالمی نمبر 69 فرانس کی میری اسٹیفن اور مصر کی عالمی نمبر 81 سلمیٰ الطیب کے درمیان کھیلا گیا جس میں سلمیٰ الطیب نے مدِمقابل کھلاڑی کو 18 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں 11-6,12-10,11-04 کے گیم سکور کے ساتھ شکست دی جبکہ مردوں کا فائنل عالمی نمبر 59 فرانس کے آگسٹ ڈسورڈ اور عالمی نمبر 67 مصر کے مصطفیٰ ال سرٹی کے درمیان کھیلا گیا جس میں مصطفیٰ ال سرٹی نے مدِمقابل کھلاڑی کو 47 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں 09-11, 11-07, 11-06, 12-10 کے گیم سکور کے ساتھ شکست دیکر چیمپئن شپ کا فائنل جیت لیا۔
ان ایونٹس کی کامیاب میزبانی کے ساتھ توقع ہے کہ دنیا بھر سے بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرے گی اور مستقبل میں پاکستان کو زیادہ انعامی رقم کے بین الاقوامی ٹورنامنٹس ملنے میں مدد حاصل ہو گی۔