صفحہ اول / pin-post / ٹی وی اینکر کی بدتمیزی پر شعیب اختر پروگرام چھوڑ کر چلے گئے اور استعفی دے دیا

ٹی وی اینکر کی بدتمیزی پر شعیب اختر پروگرام چھوڑ کر چلے گئے اور استعفی دے دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان کے سابق فاسٹ بولر اور اسٹار کھلاڑی شعیب اختر سرکاری ٹی وی ’پی ٹی وی اسپورٹس‘ پر اینکر کی بدتمیزی پر پروگرام چھوڑ کر چلے گئے اور استعفی دے دیا۔
شعیب اختر پی ٹی وی اسپورٹس پر پروگرام میں شریک تھے جس میں ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی اور کھلاڑیوں کے بارے میں گفتگو ہورہی تھی۔ پروگرام میں ان کے ساتھ غیر ملکی لیجنڈ کھلاڑی ویون رچرڈز، ڈیوڈ گاور اور سابق پاکستانی کرکٹرز عاقب جاوید، راشد لطیف ، عمر گل ، اظہر محمود، ثنا میر بھی شریک تھے۔
شعیب اختر انتہائی دھیمے اور شائستہ انداز میں گفتگو کررہے تھے جبکہ انہوں نے اپنی بات پر توجہ نہ دینے پر میزبان نعمان نیاز کو توجہ بھی دلائی۔ شعیب اختر نے لاہور قلندرز کی تعریف کرتے ہوئے حارث رؤف کی تعریف کی اور کہا کہ یہ نوجوان لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام سے سامنے آیا ہے۔
میزبان کو شعیب اختر کی نہ جانے کون سی بات بری لگی کہ انہوں نے تمام اسٹارز کی موجودگی میں قومی ٹی وی کی براہ راست نشریات کے دوران شعیب اختر سے بدتمیزی کرتے ہوئے کہا اگر اوور اسمارٹ بننا ہے تو پروگرام سے چلے جاؤ۔ شعیب اختر نے نعمان نیاز سے استفسار کیا اور ٹوکا تو وہ بریک پر چلے گئے۔
شعیب اختر نے بتایا کہ دوران بریک انہوں نے پاکستان کی عزت کے خیال سے میزبان کے ساتھ اس شرط پر مصالحت کی کہ وہ ان سے آن ایئر معافی مانگیں گے، لیکن جب نعمان نیاز نے معافی نہ مانگی تو وہ شو چھوڑ کر چلے گئے اور پی ٹی وی اسپورٹس سے استعفیٰ دے دیا۔قومی ہیرو اور راول پنڈی ایکسپریس کے ساتھ سرکاری ٹی وی پر کیے گئے نامناسب سلوک پر سوشل میڈیا پر صارفین اور پرستاروں نے شدید غصے اور برہمی کا اظہار کیا ہے ۔
دوسری جانب نعمان نیاز کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے شعیب اختر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہترین کھلاڑی اور اپنا دیرینہ دوست قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

رانا شمیم کا نام ابھی پی این ایل آئی پر ڈالا ہے، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا ہے کہ رانا شمیم کا نام ابھی پی این ایل آئی …