چیف جسٹس سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور ایک ہفتے میں گرانے کا حکم، رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات
چیف جسٹس پاکستان نے کمشنر کراچی کو ایک ہفتے میں نسلہ ٹاور گراکر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، کمشنر کراچی اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے کمشنر کراچی سے سوال کیا کہ کب تک عمارت کو گرانے کا عمل مکمل ہوگا؟ اس پر کمشنر کراچی نے کہا کہ کوئی ٹائم نہیں دے سکتے ہیں، 200لوگ کام کررہے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ یہ بلڈنگ نیچے سے گرانے کا کیا طریقہ ہوتا ہے، کھڑکیاں، دروازے وغیرہ گرائیں گے، 400لوگوں کو لگائیں اور عمارت گرائیں۔ عدالت نے کمشنر کراچی کو حکم دیا کہ نسلہ ٹاور کی عمارت ایک ہفتے میں گرا کہ رپورٹ پیش کریں۔
دورانِ سماعت حافظ نعیم الرحمان نے عدالت سے کہا کہ سندھ حکومت کو معاوضے کا آرڈر کردیں۔ چیف جسٹس نے حافظ نعیم الرحمان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کیا دلچسپی ہے اس عمارت میں، یہاں کوئی سیاست نہیں چلےگی۔