کراچی، گلستان جوہر میں فائرنگ، سیکرٹری سندھ بار کونسل عرفان علی مہر جاں بحق
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں سیکرٹری سندھ بار کونسل عرفان علی مہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔
عرفان مہر کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ گلستان جوہر بلاک 13میں پیش آیا، عرفان علی مہر کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
وکیل رہنما نعیم قریشی ایڈووکیٹ کے مطابق 45سالہ عرفان مہر گلستان جوہر کے رہائشی تھے اور اپنی بیٹی کو کار میں اسکول چھوڑنے کے لیے بلاک 13 میں پہنچے تو واپسی پر موٹر سائیکل پر سوار دو ملزموں نے انہیں کار میں ہی نشانہ بنایا۔
ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے وقت گاڑی میں عرفان علی مہرکے ہمراہ ان کا بھتیجا بھی تھا جو محفوظ رہا، عرفان مہر کو 3 گولیاں لگیں، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30بورپستول کے 3خول ملے ہیں۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور جنرل سیکرٹری کراچی بارایسوسی ایشن عامر نواز وڑائچ نے مطالبہ کیا ہے کہ عرفان علی مہرکےقاتل کوگرفتار کرکے سزادی جائے۔