پہلی بیوی سے تنگ دوسری شادی کرتا ہے، ہمارے گھر میں سکون ہے، کیپٹن (ر)صفدر
مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کا کہنا ہے کہ دوسری شادی وہ کرتا ہے جو پہلی سے تنگ ہو، ہمارے گھر میں سکون ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ ہماری دادی نانی ’دیساں دا راجا‘ گاتی تھیں، مریم نے گایا تو کیا ہو گیا۔ لیڈر لیڈر ہوتا ہے، لیڈر گانے بھی گاتاہے اور ترانے بھی پڑھتا ہے، لیڈر گانے گواتا بھی ہے اور تگنی کا ناچ بھی نچواتاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کی شادی پر گانا بھی گاؤں گا اور جو ٹوٹا پھوٹا ڈانس سیکھا وہ بھی کروں گا، ووٹ کو عزت دو، یہ گانا بیٹے کی شادی میں بھی چلےگا۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا ہے کہ شادی کا سادہ پروگرام رکھا ہے اور اس میں صرف قریبی رشتےدار ہی شریک ہوں گے، شادی پر ون ڈش رکھیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول شادی پر نہ بھی آئیں تو کوئی بات نہیں، آصف زرداری ہمارے دل میں ہیں جبکہ بلاول نہ بھی بلائے اس کی شادی پر جاؤں گا کیونکہ کراچی میں پولیس مجھے نہیں پکڑے گی۔