کے الیکٹرک کیلئے بجلی 51 پیسے یونٹ مہنگی کرنیکی منظوری
اسلام آباد(ایمرا نیوز)وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے پہلے اجلاس میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے ٹیرف میں 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی۔
ایک رپورٹ کے مطابق پاور ڈویژن نے کے الیکٹرک کے لیے ٹیرف منطقی بنانے سے متعلق ایک سمری پیش کی۔
سمری میں بتایا گیا کہ نیپرا نے 29 جولائی کو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ٖڈسکوز) کے لیے 2021-22 کی تیسری سہ ماہی کے لیے ٹیرف میں متواتر ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا تھا اور صارفین سے یکساں شرح وصول کی گئی تھی۔
نیشنل الیکٹرسٹی پالیسی 2021 کے تحت حکومت کے الیکٹرک اور سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین کے لیے یکساں ٹیرف برقرار رکھ سکتی ہے۔
ای سی سی نے صفر اعشاریہ پانچ ہزار ستاسی روپے فی یونٹ ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے ٹیرف ریشنلائزیشن کی منظوری دے دی جس میں ملک بھر میں یکساں ٹیرف برقرار رکھنے کے لیے کے الیکٹرک کے لیے 3 ماہ کی ریکوری مدت ہوگی۔
فیصلے کے تحت پاور ڈویژن کو گزیٹ نوٹیفکیشن کے لیے ٹیرف کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری کرنے کے لیے نیپرا سے رجوع کرنے کی اجازت دی گئی، اس طرح کی ایڈجسٹمنٹ یکم اکتوبر سے تین مہینوں میں وصول کی جائیں گی’۔