سعودی عرب نے سرمایہ کاروں کے لیے بڑا اعلان کر دیا ہے اور مملکت کے اکنامک زونز میں سرمایہ لگانے والوں کو مختلف ٹیکس رعایتیں دی جائیں گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے سعودی عرب کے اکنامک زونز میں انویسٹمنٹ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکس رعایتیں دینے کا اعلان کیا۔
محمد الجدعان نے کہا کہ سعودی عرب اکنامک زونز میں سرمایہ لگانے والوں کو 20 برس تک رعایتی ٹیکس سہولت دے گا تاکہ وہ طویل منصوبہ بندی کر سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آجروں کو سوشل انشورنس ٹیکس سے استثنٰی دیا جائے گا۔
اکنامک زون میں کام کرنے والی کمپنی اور مختلف اکنامک زونز میں موجود کمپنیوں کے درمیان کاروبار پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس نہیں لیا جائے گا اس کے علاوہ مملکت کی جانب سے اعلٰی صلاحیت کے مالک افراد کو لانے کے لیے مختلف فیسوں سے استثنٰی دے گا۔
سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب دنیا کا واحد ملک ہے جس کو ایک سال کے دوران درجہ بندی کرنے والی تین ایجنسیوں نے تین بہترین درجے دیے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی وژن 2030 جس کی شروعات 7 برس قبل ہوئی تھیں وہ ہمارا بہترین اقدام تھا اور ہم درست راستے پر گامزن ہیں۔