وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا
توانائی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق سمیت وفاقی کابینہ زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کی تعیناتی کی بھی منظوری دے گی
اسلام آباد(ایمرا نیوز آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج جمعرات کو طلب کرلیا ہے تفصےلات کے مطابق آج کے ہونے والے کابینہ اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈا زیرغور آئے گا۔ وفاقی کابینہ 4 فروری کو ہونے والے ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، توانائی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق سمیت وفاقی کابینہ زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کی تعیناتی کی بھی منظوری دے گی۔کابینہ انسانی حقوق ڈویڑن کو 13 ملین روپے تکنیکی گرانٹ کی منظوری دے گی اور گوادر پورٹ اتھارٹی اور ای او بی آئی کے چیئرمین کی تقرری کا معاملہ کابینہ اجلاس میں زیرغورآئے گا۔دوسری جانب وفاقی کابینہ انسداد منشیات پالیسی 2018 پربھی غورکرے گی، انفراسٹرکچر، مالیاتی شمولیت کے منصوبوں میں پیپرا رولز2004 کی چھوٹ کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہے جب کہ پمز آرڈیننس 2019 کے مسودے کی اصولی منظوری دی جائے گی۔میری ٹائم فشریز ڈپارٹمنٹ کی وزارت بحری امور سے قومی غذائی تحفظ منتقلی کے معاملے سمیت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2010 میں ترمیم کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجلاس میں قومی اقتصادی کونسل کی مالی سال 2017-18 کی رپورٹ پیش کی جائے گی.